دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوا ر الحق کا کشمیر کاز کو اولین ترجیح دینے کا عہد
اطہرمسعود وانی
اطہرمسعود وانی
آزاد کشمیر کی اتحادی حکومت کے وزیر اعظم چودھری انوا ر الحق نے آزاد کشمیر کے ریاستی اخبارات و جرائد کی تنظیم ' آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی' کے صدر امجد چودھری سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کے موقع پہ کہا کہ آزادکشمیر کے پرنٹ میڈیا کو چاہیے کہ وہ خود کو تحریک آزادی کیلیے وقف کر دے کیونکہ میری حکومت کی اولین ترجیح تحریک آزادی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کا ہم پر قرض ہے جسے ہم نے پورا کرنا ہے ۔وزیر اعظم چودھری انوا ر الحق اپنی اتحادی حکومت کی پالیسی اور ترجیحات بیان کرتے ہوئے کئی بار یہ بات کہہ چکے ہیں کہ کشمیر کاز ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چند ہی ہفتے قبل وزیر اعظم چودھری انوا ر نے کشمیر کاز کے حوالے سے ہی اسلام آباد میں آزاد کشمیر کی سیاسی ود یگر جماعتوں کا ایک اجلاس بھی منعقد کیا ۔تاہم آزاد کشمیر کے سیاسی رہنمائوں کی طرف سے محض یہی تجویز سامنے آ ئی کہ ریاستی شخصیات کے وفود بیرون ملک جا کر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے حوالے سے رابطے کریں۔ انہی دنوں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چودھری لطیف اکبر نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پہ اسی حوالے سے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق نائب وزیر خارجہ کا تقر ر کرے،سفارت خانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کئے جائیں اورمنقسم کشمیری خاندانوں، دانشوروں، عوامی نمائندوں کے وفود دنیا بھر بھیجے جائیں۔

آزاد کشمیر حکومت کے قیام کے تاریخی اعلان کے علاوہ آزاد کشمیر حکومت اور پاکستان حکومت کے درمیان 1949 میں طے پائے معاہدہ کراچی کی رو سے بھی اولین ترجیح کے طور پر تحریک آزادی کے لئے متحرک اور موثر انداز میں کام کرنا آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔آزاد کشمیر کے مختصر آبادی اور محدود رقبے والے خطے کو ایک ریاست کی طرح حیثیت بھی کشمیر کاز کے حوالے سے ہی حاصل ہے۔اگر کشمیر کاز کو آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتوں کی اولین ترجیح نہ رکھا جائے تو آزاد کشمیر میں صدر، وزیر اعظم، قانون ساز اسمبلی،عدلیہ، الگ ریاستی پرچم وغیرہ کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔افسوسناک طور پر سالہا سال سے آزاد کشمیر میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ وسائل کے حوالے سے تو کشمیریوں کی نمائندگی کا دعوی کیا جاتا ہے لیکن اس حوالے سے ذمہ داریوں کی ادائیگی کے مطالبے پہ کہا جاتا ہے کہ آزاد کشمیر حکومت تو محض مقامی امور کی انتظامیہ ہے۔دفاع، خارجہ و دیگر امور حکومت پاکستان کے سپرد ہونے کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتیں ان امور سے لاتعلق ، بری الذمہ ہو گئی ہیں بلکہ آزاد کشمیر کی حکومت اور سیاسی جماعتوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ کشمیر کاز سے متعلق ان اہم امور پر بھی حکومت پاکستان سے اشتراک عمل قائم رکھا جائے۔

یہ خوش آئند ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے اتحاد و اشتراک سے قائم حکومت کے وزیر اعظم چودھری انوار الحق نے کشمیر کاز کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ تاہم اس کے لئے یہ بات بہت اہم ہے کہ کشمیر کاز کو اولین ترجیح قرار دینے کے عملی تقاضوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی کئے جائیں۔اس بات کا احاطہ کرنا بھی بہت اہم ہے کہ آزادکشمیر اور سیاسی جماعتیں کشمیر کاز کے حوالے سے اپنے دائرہ اختیار کے اندر کیا کیا اقدامات کر سکتی ہیں۔اب تک تو ایسا تاثر مل رہا ہے کہ جیسے سرکاری اور سیاسی سطح پہ اس حوالے سے اہلیت اور اخلاص کا فقدان پایا جاتا ہے۔آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے کشمیر کاز کو اولین ترجیح محض میڈیا میں بیانات دینے سے نہیں ہو سکتا بلکہ اس کے لئے آزاد کشمیر حکومت کے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس سے متعلق امورمیں اہلیت، صلاحیت اور اخلاص والی شخصیات کے اشتراک عمل کا پلیٹ فارم تشکیل دینے کی بھی ضرورت ہے۔

اطہر مسعود وانی
03335176429

واپس کریں