دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
جلال آباد گارڈن اور خزاں رت کے حسین رنگوں کی جلوہ افروزیاں
 سندس سلیم،پبلسٹی آفیسر محکمہ زراعت
سندس سلیم،پبلسٹی آفیسر محکمہ زراعت
تحریر۔ سندس سلیم پبلسٹی آفیسر (محکمہ زراعت آزادکشمیر)

فرانس کے نوبیل انعام یافتہ فلاسفر البرٹ کیمو کے مطابق''خزاں بہار کا دوسرا روپ ہے۔ بہار میں تو پھول کھلتے ہیں جب کہ خزاں میں ہر پتا خود پھول بن جاتا ہے۔'' خزاں کا موسم اپنی رنگت اور تبدیلی کے لیے مشہور ہے، لیکن اس موسم میں پھولوں کا کھلنا ایک منفرد منظر پیش کرتا ہے۔ خزاں میں جہاں درختوں کے پتے آہستہ آہستہ گرتے ہیں، وہیں کچھ پھول اپنی رنگینی اور خوشبو سے باغات میں نئی زندگی بھر دیتے ہیں۔ جلال آباد گارڈن مظفرآباد، آزادکشمیر کا ایک مشہور اور خوبصورت باغ ہے۔ یہ باغ قدرتی خوبصورتی، دلکش مناظر، اور سبزہ زار کے لیے جانا جاتا ہے۔ یہ علاقہ مقامی لوگوں کے لیے تفریحی مقام ہونے کے ساتھ سیاحوں کے لیے بھی دلچسپی کا باعث ہے۔
''خزاں کا موسم اور جلال آباد گارڈن''ایک حسین اور دلکش منظر پیش کرتے ہیں۔ جب خزاں کا موسم آتا ہے تو جلال آباد گارڈن میں درختوں کے پتے سنہری، لال اور بھورے رنگوں میں بدل جاتے ہیں، جو ایک خوبصورت قدرتی منظر کو پیش کرتے ہیں۔ اس موسم میں باغات کا ماحول سست رفتار اور پرسکون ہو جاتا ہے، اور ہوا میں خشبو بکھرتی ہے۔جلال آباد گارڈن کی خوبصورتی خزاں میں مزید بڑھ جاتی ہے، کیونکہ یہاں کے درخت اور پھول خزاں کی رنگت کے ساتھ ایک منفرد اور دلکش تاثر دیتے ہیں۔ خزاں میں جہاں درختوں کے پتے آہستہ آہستہ زمین پر گرتے ہیں، وہیں کچھ پھول مثلا''میری گولڈ (گیندہ)، گل داودی، گزانیہ، ڈیلیا،گلیڈیولس وغیرہ اپنی رنگینی سے باغات کو نئی رونق بخشتے ہیں، جو جلال آباد گارڈن کو ایک جنت نظیر مقام بناتے ہیں۔یہ منظر نہ صرف قدرت کی خوبصورتی کا عکاس ہے، بلکہ یہ جلال آباد گارڈن کی قدرتی حالت کو ایک خاص مقام دیتا ہے، جہاں ہر موسم کی اپنی ایک کہانی اور جاذبیت ہوتی ہے۔
گل داودی (Chrysanthemum) کو خزاں کے موسم کی علامت سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ پھول سردیوں سے پہلے زمین پر رنگوں کی ایک آخری دھار دیتا ہے۔ جلال آباد گارڈن میں خزاں کے دوران گل داودی کے پھول باغات کو ایک شاندار رنگینی سے بھر دیتے ہیں، جو باغات کے قدرتی حسن کو مزید نکھارتے ہیں۔ ان پھولوں کی خوشبو اور رنگ باغات کی فضا کو ایک مخصوص تازگی فراہم کرتے ہیں، جو وہاں آنے والوں کے لیے ایک انوکھا تجربہ ہوتا ہے۔گل داودی اور جلال آباد گارڈن ایک خوبصورت امتزاج پیش کرتے ہیں۔ گل داودی خزاں کے موسم میں اپنی بھرپور رنگت اور خوشبو سے معروف ہوتا ہے، اور یہ جلال آباد گارڈن میں خزاں کے موسم کی جمالیاتی خوبصورتی کو مزید بڑھا دیتا ہے جو کہ موجودہ وقت میں 40 سے زائد مختلف رنگوں میں کھل کر گارڈن میں ایک دلکش منظر پیش کررہا ہے۔
گارڈن مین جہاں گل داودی اپنے دلکش رنگوں کے ساتھ خزاں مین اپنی بہار دکھا رہا ہے وہیں میری گولڈ بھی اپنے مختلف رنگوں کی پتیوں سے نہ صرف انسانوں کیلئے بلکہ مختلف حشرات العرض کی توجہ اور دلچسپی کا مرکز بھی بنا ہوا ہے۔ میری گولڈ کے رنگ خزاں کے ہلکے، سنہری اور نارنجی رنگوں کے ساتھ خوبصورتی سے ہم آہنگ ہوتا ہے جو سیاحوں کو اپنی خوبصورت پتیوں کی طرح گارڈن کے قدرتی حسن اور دلکشی سے جوڑے رکھنے کا باعث بنا رہتا ہے۔یوں تو جلال آباد گارڈن ہر دور اور ہر موسم میں ہی اپنے سیاحوں کیلئے مرکز نگاہ بنا رہتا ہے مگر خزاں کے بکھرے رنگوں کی رعنائی اور رنگا رنگ پھولوں کا حسین امتزاج سیاحوں کے لطف کو دوبالا کر دیتا ہے۔
واپس کریں