دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں اور عالمی قوانین لاگو کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر پر من مانے فیصلے تسلیم نہیں کئے جا سکتے، وزیر خارجہ بلاول کا امریکہ کے سرکاری نشریاتی ادارے '' VOA '' کو انٹرویو
No image نیویارک ( کشیر رپورٹ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ کے سرکاری نشریاتی ادارے '' وائس آ ف امریکہ'' کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں اور بین الاقوامی قوانین کو یکساں لاگو کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر پر من مانے فیصلوں کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا، پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے دیرینہ موقف پہ قائم ہے ، پاکستان اب بھی امریکہ اور چین کے درمیان دوستی کے قیام کے لئے ایک پل کا کردار ادا کرنا چاہتاہے، پاکستان اور امریکہ کو اپنے تعلقات' ری سیٹ ' کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان کشمیر سے متعلق اپنے دیرینہ موقف پہ قائم ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں وائس آف امریکہ کی نامہ نگار مارگریٹ بشیرکو ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کو امریکہ سمیت دیگر ممالک سے تعلقات میں ری سیٹ یعنی دوبارہ ترتیب دینے کی ضرورت ہے جہاں تعلقات کی بنیاد باہمی احترام اورہم آہنگی پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر چیلنجز کے لیے تمام دنیا کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی اور پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اہم مسائل پر کام کرنے کو تیار ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے وزیرخارجہ نے اس خدشے کو رد کیا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات اسلام آباد کے واشنگٹن کے ساتھ بہتر تعلقات میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ بقول ان کے پاکستان نے ماضی میں بھی امریکہ اور چین کے مابین ایک پل کا کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ایسا کردار ادا کرتا رہے۔ انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل، جن کی وجہ سے پاکستان آج سیلاب کا شکار ہے ، بین الاقوامی سطح پر تب تک حل نہیں ہوسکتے جب تک چین اور امریکہ مل کر کام نہ کریں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ چین پاکستان معاشی راہداری پر کام میں سستی پیدا ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ہمسائے چین کے ساتھ معاشی تعلقات بہتر کرنے پر بہت کام کیا ہے۔ ان کے مطابق معاشی راہداری کے کئی فیز تھے جس میں پہلا ملک کی توانائی کی ضروریات سے نمٹنا تھا۔ آج یہ راہداری ایک نئے دور میں داخل ہوچکی ہے۔
اس سوال پر کہ کیا ایس سی او میٹنگ کے دوران روس کی جانب سے یوکرین جنگ کے لیے پاکستان سے رابطہ کیا گیا ہے؟، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان فی الوقت کسی تنازع میں پڑنا نہیں چاہتا۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے فریقین پر زور دیا کہ وہ سفارت کاری اور مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سمیت تمام بین الاقوامی تنازعات کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادیں اور بین الاقوامی قوانین کو یکساں لاگو کرنے کی ضرورت ہے، جب کئی ممالک اور ادارے اس معاملے میں من مرضی کے فیصلے لیتے ہیں تو ہر دفعہ ہر ملک کے کی حمایت میں کھڑا ہونا مشکل ہوجاتا ہے۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پرپاکستان کے دیرینہ موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ 2019 میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی خود مختاری کو ختم کرنے کی وجہ سے ایس سی او میٹنگ میں پاک بھارت رہنمائوں کی ملاقات ممکن نہ ہوسکی۔
افغانستان کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی عبوری حکومت سے رابطے میں ہے اور ہمارے لیے یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ بین الاقوامی برادری بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہے۔ طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے درست اقدامات اٹھائے تاکہ یہ عمل آگے بڑھ سکے۔جہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کے عوام کو یہ پیغام گیا ہے کہ امریکی عوام اور حکومت مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واپس کریں