دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیراعظم شہباز شریف کل ، لندن سے امریکہ پہنچیں گے، متعدد عالمی رہنمائوں سے ملاقات اور23ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریںگے
No image لندن19ستمبر (کشیر رپورٹ):وزیراعظم شہباز شریف کل لندن سے امریکہ پہنچیں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔نیویارک میں موجودگی کے دوران وزیراعظم کی دیگر ممالک کے رہنمائوں سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوں گی ۔ 20 ستمبر کو وزیراعظم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے استقبالیہ میں شرکت کریں گے ۔ 20 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں سے ملاقات ہوگی ۔ 20 ستمہر کوہی وزیراعظم شہباز شریف کی آسٹریا کے چانسلر اور سپین کے صدر سے بھی ملاقاتیں ہوں گی اور وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے ملاقات ہو گی ۔وزیراعظم شہباز شریف گلوبل فوڈ سکیورٹی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے ۔ گلوبل فوڈ سکیورٹی سمٹ کا اہتمام سینیگال اور افریقی یونین کے صدر نے کیا ہے ۔
21 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جورجیوا، ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپس سے ملاقات ہوگی ۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے علاوہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی سے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی دوطرفہ ملاقات ہوگی ۔وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر کی ملاقات ہوگی ۔ 21 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی طرف سے منعقدہ عشائیہ میں شرکت کریں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو سے ملاقات ہوگی ۔ 22 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات ہوگی ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس سے ان کے دفتر میں ملاقات ہو گی۔وزیر اعظم کی چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ، جاپان کے وزیراعظم فیومیو کاشیڈا، لیگزمبرگ کے وزیراعظم زیوئیر بیٹل سے ملاقاتیں ہوں گی ۔وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیا کے وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقات ہو گی ۔وزیراعظم کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات ہو گی ۔ وزیراعظم دورے کے دوران ممتاز امریکی اخبار اور ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز بھی دیں گے۔ 23 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے ۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف 19 سے 23 ستمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کلیدی خطاب کریں گے،وزیراعظم ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والےحالیہ تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کو درپیش چیلنج کو عالمی فورم پر اجاگر کرکے ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرے سے اجتماعی طور پر نمٹنے کے لیے ٹھوس تجاویز کا خاکہ پیش کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف اس موقع پر عالمی رہنماؤں کو مسئلہ کشمیر سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے موقف اور نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم افریقی یونین،یورپی یونین اور امریکا کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقد ہونے والی غذائی تحفظ پر عالمی سربراہ اجلاس اور کوپ 27 پر عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
یہ دونوں اجلاس عالمی برادری کو درپیش دواہم ترین چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات پر غور و خوض کے لیے اہم پلیٹ فارم ہیں۔وزیراعظم اپنے دورے میں مختلف ممالک کے وزرا اعظم ،جنرل اسمبلی کے صدر، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے علاوہ بین الاقوامی تنظیموں، عالمی مالیاتی اداروں اور فلاحی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔اس موقع پراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور امریکی صدر کی جانب سے دیئے جانے والے استقبالیہ کے دوران عالمی رہنماؤں کو ایک دوسرے سے بات چیت کرنے کا موقع ملے گا۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے اور وہ مختلف تقریبات میں شرکت کے علاوہ دیگر ممالک کے وزرا خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے،وہ میڈیا اور تھنک ٹینک کے ساتھ بات چیت کے علاوہ جی 77 اور چین کےوزیر خارجہ اور او آئی سی کے سالانہ اجلاسوں اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے


واپس کریں