دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان کادورہ مظفر آباد، بلدیاتی الیکشن ،وزیر اعظم تنویر الیاس کی زیر صدارت ' پی ٹی آئی' کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)16 ستمبر2022۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں 29 ستمبر 2022 کو مظفرآباد میں تحریک انصاف کے تاریخ ساز جلسے کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا گیا۔جلسہ کے مہمان خصوصی سابق وزیر اعظم پاکستان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہونگے جبکہ پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کی تجویز پر آزادکشمیر میں صنعت کے فروغ کے لئے ٹیکس میں چھوٹ دینے سمیت پوری قوت سے آمدہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔اجلاس میں وزرا حکومت خواجہ فاروق احمد، سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد رشید، عبدالماجد خان، ڈاکٹر نثار انصر ابدالی، دیوان علی خان چغتائی، سردار فہیم اختر ربانی، چوہدری ارشد حسین، چوہدری محمد اکمل سرگالہ، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری مقبول گجر، اظہر صادق، چوہدری محمد اکبر ابراہیم، معاونین خصوصی چوہدری محمدر فیق نیئر اور چوہدری محمد اقبال، مشیر حکومت حافظ حامد رضا،پارلیمانی سیکرٹری امتیاز نسیم ودیگر نے شرکت کی۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کی تجویز پر آزادکشمیر میں صنعت کے فروغ کے لئے ٹیکس میں چھوٹ دینے پر اتفاق کیا گیا اور ٹیکس میں چھوٹ کے تعین کیلئے وزیر خرانہ عبد الماجد خان کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی۔ انڈسٹری کے فروغ کے لئے ٹیکس میں چھوٹ کا تعین کرنے والی کمیٹی 15 دن کے اندر رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کریگی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ 29 ستمبرکو آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد کشمیری اپنے محبوب قائد کا تاریخ ساز استقبال کریں گے، عمران خان نے جس طرح کشمیریوں کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑا اور مشکل مالی حالات میں آزادکشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے فنڈز دیے اس پر آزادکشمیر کے عوام انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ گزشتہ سال عام انتخابات کے دوران کشمیریوں نے عمران خان کے ویژن اور نظریے کو ووٹ دیکر آزادخطہ کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھی۔ آزادکشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت لوگوں کی توقعات پر پورا اترے گی، عمران خان کے ویژن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروا کر اقتدار نچلی سطح تک منتقل کریں گے۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر پوری قوت سے آمدہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی اور عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات میں بھی لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کریگی۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا جارہا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس حوالہ سے بنائی گئی کمیٹی صنعت کاروں کو زیادہ سے زیادہ ٹیکس چھوٹ دینے کی کوشش کریگی تاکہ زیادہ سے زیادہ انڈسٹری یہاں لگے اور روزگار کے مواقعے پیدا ہوں اور ریاست کی معیشت بھی مستحکم ہو۔
واپس کریں