دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزادی پسندسینئر رہنماسید علی شاہ گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر لبریشن فرنٹ کا خراج عقیدت
No image مظفر آباد( کشیر رپورٹ)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری اپنے ایک بیان میں تحریک آزادء جموں کشمیر کے چوٹی کے اہم رہنما سید علی شاہ گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر تحریک میں گراں قدر خدمات کے پیش نظر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی شاہ گیلانی بھارت مخالف اپنے فعال اور غیر متزلزل کردار کی پاداش میں بھارت کے عتاب کے شکار رہے اور کئی بار سالہاسال تک جیلوں کی زنیت بھی بنتے رہے۔ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر پہلے بھارت کے زیر نگرانی نام نہاد اسمبلی انتخابی سیاست اور بعد ازاں آل پارٹیز حریت کانفرنس و مشترکہ مزاحمتی قیادت کے پلیٹ فارم پر تحریک آزادی کے انقلابی و عملی جدوجہد میں آخر وقت تک سید علی شاہ گیلانی جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ تحریک کی قیادت کرتے رہے۔
لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے کہا کہ ضعیف العمری و صحت کی خرابی کے باوجود طویل نظربندی اور بعد ازاں شہادت کے موقع پر سرینگر میں کرفیو کے نفاذ میں زور زبردستی رات کے اندھیرے میں خواہش کے برعکس ان کی تدفین قابل مذمت ہے۔رفیق ڈار نے کہا کہ بھارت سرکار کی ایما پر مقامی انتظامیہ نے بھارتی فورسز کی مدد سے سید علی شاہ گیلانی کے اہل خانہ کو انہیں وصیت کے مطابق مرکزی شہدا قبرستان عیدگاہ سرینگر میں تدفین سے روکا جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز اور نامعلوم مقامات پر اہل خانہ کی مرضی کے برعکس حریت پسندوں کی تدفین کا سلسلہ اب بھارت کا معمول بن چکا ہے جو باضمیر اقوام اور عالمی اداروں بلخصوص انسانی حقوق کے اداروں کے لئے چشم کشا ہے۔ بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر میں تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے کر ضروری اقدامات لیں تاکہ مظلوم کی داد رسی ہوسکے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق سرینگر سمیت دنیا بھر میں موجود پارٹی قیادت نے سید علی شاہ گیلانی سمیت جملہ شہدائے جموں کشمیر کے حق میں دعائے مغفرت کی۔

دریں اثنا پارٹی ترجمان نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لئے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں لبریشن فرنٹ زونل قیادت کی ہدایات پر قائم کردہ کیمپس میں رضاکارانہ طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصی لینے والے پارٹی کارکنان و ذمہ داران کو سراہا اور عوام سے اپیل کی کہ دکھ کی اس گھڑی میں دل کھول کر متاثرین کی مدد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضروری بنیادی اشیا ضرورتمندوں تک بہم پہنچ سکے۔

واپس کریں