دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس سے راجہ محمد فارو ق حید ر، سردار محمد یعقوب ، عبدالقیوم نیازی ، چوہدری یاسین، شاہ غلام قادر،صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال، نورین فاروق ابراہیم کی ملاقات
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی)10 اگست2022۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے سابق وزرائے اعظم راجہ محمد فارو ق حیدرخان ، سردار محمد یعقوب خان ، سردار عبدالقیوم نیازی ، صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین،صدر مسلم لیگ نواز شاہ غلام قادر،صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال،ممبر قومی اسمبلی نورین فاروق ابراہیم سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیاسی زعما نے وزیر اعظم آذاد کشمیر سے قومی و علاقائی سیاسی صورت حال ، آزاد کشمیر کے آمدہ بلدیاتی انتخابات سمیت مجموعی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ راجہ محمد فارو ق حیدرخان ، سردار محمد یعقوب خان ، سردار عبدالقیوم نیازی ، صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین،صدر مسلم لیگ نواز شاہ غلام قادر،صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال،ممبر قومی اسمبلی نورین فاروق ابراہیم نے ان سے ان کے والد گرامی سردار الیاس خان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلدصحت یابی کے لیئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے اپنے والد گرامی کی خیریت دریافت کرنے کی غرض سے گھر تشریف لانے والے ریاستی قائدین کاخیر مقدم کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت وضع داری کی سنہری روایات کی آمین ہے، گھر تشریف لانے والے سیاسی قائدین کا عمیق قلب سے شکر گزار ہوں۔اس موقع پر وزراحکومت خواجہ فاروق احمد،عبد الماجد خان،ڈاکٹر نثار ابدالی،سردار فہیم اختر ربانی،رہنما پی ٹی آئی میجر (ر) خرم، معاون خصوصی ہمراہ وزیر اعظم راجہ سبیل ریاض،سردار احمد صغیر خان و دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی قابض فورسز نہتے کشمیریوں پر جو مظالم ڈھا رہی ہیں اس کی کہیں مثال نہیں ملتی،مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر بھی قدغن ہے، محرم الحرام کیجلوسوں پر پابندی سے ہندوستان کی جعلی جمہوریت کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے ، نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ اندرون ہندوستان رہنے والی اقلیتیں بھی ہندو بنیے کی انتہا پسندانہ سوچ کا شکار ہیں اور آئے روز آر ایس ایس کی انتہا پسندی کا سامنا کر رہے ہیں ۔ بھارت نے کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا۔عالمی برادری نوٹس لے اور مودی کو نکیل ڈالے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر آزادکشمیر کے سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر 5 اگست 2019 کے بعد سے ہندوستان کے فوجی محاصرے میں اور دنیا کا سب سے بڑا ملٹری زون ہے ، ہندوستان نے کشمیریوں کی شہری آزادیاں سلب کر رکھی ہیں ، پانچ اگست 2019 کے غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کے بعد آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے 42 لاکھ سے زائد جعلی ڈومیسائل جاری کر چکا تاکہ مسلم اکثریتی علاقے کو اقلیت میں بدل سکے جبکہ بوگس حلقہ بندیوں کے ذریعے بھی مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی راہ ہموار کی جارہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ہندوستان سے آزادی اور تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہیں کسی موقع پر تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اس سلسلے میں انڈیا کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے سمیت بین الاقوامی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے جدوجہد مزید تیز کریں گے۔

واپس کریں