دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم تنویر الیاس کی زیر صدارت آزاد کشمیر کابینہ کا اجلاس
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)05اگست2022۔ آزادجموں وکشمیر کابینہ نے 13ماہ سے پنشن سے محروم AKMIDCکے ملازمین کو فوری پنشن کی ادائیگی، ایل او سی پر ہندوستانی فائرنگ سے معذور ہونے والوں کیلئے گزارہ الانس، آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ ایکٹ، 300تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، ٹیچر لرننگ اکیڈمی و ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری بورڈز کے قیام کیلئے اخراجات، قدرتی ماحول کو متاثر کرنے والے کرش پلانٹس کو ضابطے میں لانے کیلئے پاور کریشرز ایکٹ،ہیومن ٹریفکنگ کی روک تھام کیلئے پریونشن آف ٹریفکنگ ان پرسنز ایکٹ اور رجسٹریشن ایکٹ 2022کی بھی منظوری دیدی۔ کابینہ کی تمام ذمہ داران کو محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کی ہدایت۔ کابینہ کی ہندوستان کے5اگست2019کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کی شدید مذمت۔ کابینہ کا بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے افسران و جوانوں کو خراج عقیدت۔ کابینہ نے حالیہ بارشوں اورسیلاب کے دوران ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ کابینہ نے آزادکشمیر مون سون بارشوں کے دوران شہید ہونے والوں اوراملاک کے نقصان پر معاوضہ جات کی فوری ادائیگی کیلئے فوری تخمینہ مرتب کرنے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔ پی آئی ڈی کمپلیکس میں وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کابینہ اجلاس کے بعد وزیر شہری دفاع چوہدری محمد اکبر ابراہیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمد رفیق نیئر، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد اور توصیف عباسی کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ ایکٹ کو بہتر بنانے اور بھرتیوں کے عمل کو صاف وشفاف بنانے کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کابینہ نے جعلی پشتنی سرٹیفکیٹس اور ڈومیسائل کی منسوخی کے حوالہ سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے، سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری قانون اسکے ممبرہوں گے،کمیٹی ایک ماہ میں فیصلہ کریگی اور اس پر سزا کا تعین بھی کریگی۔ عبدالماجد خان نے کہاکہ آزادکشمیر کے تشخص و وقار پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا، ریاست اور عوام کے مفاد کے خلاف کوئی کام نہیں کر سکتے اور نہ ہی ہم سے ایسی توقع رکھی جائے، ہمارے خون میں وفا ہے، اس خطے کیلئے ہمارے آبااجداد نے قربانیاں دی ہیں، لوگوں کی ہمدردریاں سمیٹنے کیلئے ہمیں بدنام نہ کیا جائے،پندرہویں ترمیم کو لیکر حکومت آزادکشمیر بدنام کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے بارے تحریری معاہدے پر عملدرآمد سے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کا جینا دوبھر کر دیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ بجٹ پیش کرنے سے قبل وفاقی مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائزہ کے ساتھ آزادکشمیر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالہ سے میٹینگ ہوئی اورہم نے شرط رکھی کہ جب تک آفیشل منٹس جاری نہیں ہوتے ہم سرکار ی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان نہیں کر سکتے۔ اس کے بعد باقاعدہ تحریری طور پر سیکرٹری امور کشمیر کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے منٹس جاری ہوئے اور ہم نے بجٹ میں اعلان کیا تاہم اب تک وفاقی حکومت اس تحریری معاہدے پر عملدرآمد میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ پاکستان ہمارا بڑ ا بھائی ہے، اپنے بڑے بھائی سے التجا کرتے ہیں کہ اپنی کمٹمنٹ پوری کرے۔ وفاقی حکومت اپنے ملازمین کو ایگزیکٹیو الانس تک دے رہی جبکہ آزادکشمیر کے سرکاری ملازمین ڈسپیرٹی اریڈکشن الانس سے بھی محروم ہیں، یہ دوہرا معیار نہیں چل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کا جینا دو بھر کر دیا ہے، وفاقی حکومت نے ہیلتھ کارڈ اور احساس جیسے مثالی پروگرام بھی بند کردیے۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ سوشل میڈیا پر پندرہویں ترمیم کو لیکر ہماری حکومت کو ٹارگٹ اور ہمارے ذاتی اکانٹس / نمبرز شیئر کر کے کردار کشی کی جارہی جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ریاست اور عوام کے مفاد کے خلاف کسی بھی کام کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ہمارے خون میں وفا ہے، اس خطے کیلئے ہمارے آبااجداد نے قربانیاں دی ہیں، لوگوں کی ہمدردریاں سمیٹنے کیلئے ہمیں نہ بدنام کیا جائے،پروپیگنڈا کرنے والوں کی اپنی جماعتوں کی وفاق میں حکومت ہے اپنی جماعتوں سے یہ بات کریں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان پاکستان کے سچے اور مخلص لیڈر ہیں، پنجاب کے الیکشن نے بتادیا ہے کہ اب پورے ملک میں پی ٹی آئی کا ڈنکا بجے گا۔ سو مرتبہ عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالیں، عمران خان محب وطن ہے اس نے کہیں نہیں جانا،پنجاب سے پی ٹی آئی کو نکالا گیا اور مشکلات کھڑی کی گئیں لیکن اللہ نے دوبارہ عمران خان کو سرخرو کیا۔ انہوں نے کہاکہ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا سب سے بڑا وکیل ہے۔ ہماری حکومت نے جو اقدامات اٹھائے جلد آزادکشمیر کے عوام اس سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستا ن بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروائے۔ کشمیر اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔ مودی کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہو سکتا۔

وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کابینہ اجلاس میں وزرا کرام کو ہدایت کی ہے کہ ہر 15 دن بعد اپنے حلقہ و ڈویژن میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں اور عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کیے جائیں۔عمران خان کے ویژن کے مطابق عام آدمی کے حالات تبدیل ہونے چاہیں،عوام کو ریلیف دینا ہماری ذمہ داری تاہم آئین و قانون کے منافی کوئی قدم نہیں اٹھایا جائیگا، ہم نے آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے۔ جن لوگوں کا انحصار جنگلات کی لکڑی پر ہے انہیں متبادل ذرائع ایندھن، جیسا کہ سلنڈرز اور مٹی کے چولہے فراہم کیے جائیں تاکہ جنگلات محفوظ ہوں۔ مشکلات کے دوران آزادکشمیر کابینہ اور پارلیمانی پارٹی نے جس طرح یکجان ہو کر مشکلات کا مقابلہ کیا اس پرانکا شکرگزار ہوں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے افسران و جوانوں اور مون سون بارشوں میں جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات کے لیے مشیر برائے مذہبی امور حافظ حامد رضا نے فاتحہ خوانی کروائی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ جنگلات کی حفاظت کے لیے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے، جنگلات کے کٹا کی وجہ سے قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہورہا ہے،قدرتی ماحول کی حفاظت کے لیے ادارہ تحفظ ماحولیات کو مستحکم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ احتسا ب کے قانون کو بہتر بنائیں گے، کوئی بھی آئین و قانون سے بالا تر نہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پنجاب ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی فتح نے صورتحال واضح کر دی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزرا اپنے حلقوں و ڈویژنز میں کھلی کچہریاں لگائیں اور لوگوں کے مسائل سنیں، آزادکشمیر کے عوام نے بہت سے توقعات رکھ کر ہمیں ایوان اقتدار تک پہنچایا ہے، لوگوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل ہونے چاہیں اور تبدیلی نظر آنی چاہیے۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اے کے ایم آئی ڈی سی ملازمین کو کابینہ کے فیصلے کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے، احتساب ایکٹ میں ترمیم بارے قائم کمیٹی کو حتمی سفارشات مرتب کرکے بریف کرنے اور احتساب بیورو کی پرفارمنس آئندہ اجلاس میں پیش کرنے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کے ملازمین کی پنشن کے حوالہ سے معاملہ آئین و قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر کا قدرتی ماحول کرشنگ کی وجہ سے متاثر ہورہا ہے، اس حوالہ سے جامع میکنزم وضع کیا جائے، قیمتی پتھر کی نکاسی اور فروخت کے حوالہ سے بھی ایک بہترین نظام بنایا جائے، ریاست کی آمدن میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں بچوں کو کئی کلو میٹر سفر طے کرکہ سکول تک پہنچا پڑتاہے اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن سے بچوں کو ان کی دہلیز پر تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں متعدد قرارد ادیں منظور کی گئیں۔ قرار دادوں میں کہا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس ہندوستان کی جانب سے ممتاز کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کو بوگس مقدمات کی بنیاد پر یکطرفہ ٹرائل کرتے ہوئے غیر منصفانہ سزا کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی مذموم کوشش قراردیتا ہے اورعالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس انسانیت سوز اقدام کے خلاف اور یاسین ملک کی رہائی کے لیے اپناجاندار کردار ادا کرے۔ اجلاس یاسین ملک کی جانب سے جاری بھوک ہڑتال اور ان کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔یسین ملک نے جس بہادری اور جرات سے ہندوستان کے مظالم کا مقابلہ کیا ہے اجلاس انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ایک اور قرار داد میں کہا گیا کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس حالیہ بارشوں کے دوران ملک بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات باالخصوص تتہ پانی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 10افراد کے جاں بحق ہونے اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال اور جانی و مالی نقصانات پر شدید افسوس کا اظہار کرتا ہے۔اجلاس متاثرین کی بھر پور مالی معاونت کا اعادہ کرتے ہوئے حالیہ بارشوں کے دوران دعا گو ہے کہ اللہ تعالی جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اجلاس بارشوں کے دوران وزیراعظم کی سربراہی میں سڑکوں اور راستوں کو بحال رکھنے اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھنے پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر چیئرمین عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔ پنجاب میں پی ٹی آئی کی فتح عمران خان کے ویژن اور پاکستانی عوام کی جیت ہے۔ اجلاس پرویز الہی کو بھی وزیر اعلی پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس ہندوستان کی جانب سے آئندہ سال G20 ممالک کی کانفرنس کی میزبانی مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرانے کی کوششوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا ایک اور مکروہ ہتھکنڈہ قراردیتا ہے۔ہندوستان مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیے ہوئے ہے اور اجلاس سمجھتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جی ٹوینٹی اجلاس کا انعقاد قانونی اور اخلاقی طور پر نہیں ہوسکتا،جی 20 ممالک کو اس اجلاس کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ایک اور قرار داد میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس آزاد خطہ کی ترقی اور عوام کہ فلاح بہبود کے لیے تاریخ ساز بجٹ دینے پر وزیراعظم اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اجلاس سمجھتا ہے کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اپنی بجٹ تقریر میں تاریخ ساز منصوبوں کا اعلان کر کے جو روڈ میپ دیا اس سے آزادکشمیر ترقی یافتہ علاقہ بنے گا۔قرار داد میں کہا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کی جانب سے غیر منصفانہ حلقہ بندیوں کے ذریعے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے مکروہ ہتھکنڈے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہندوستان نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے اسلامی تشخص کو ختم کرنے کیلئے 5اگست 2019کے غیر آئینی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی اقدام کے بعد اپنے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں 42لاکھ غیر ریاستی ہندووں کو جعلی ڈومیسائل جاری کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔ ایک اور قرار داد میں کہا گیا کہ آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا یہ اجلاس بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے آزاد کشمیر پر حملے کے بیان کی پرزور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہے۔ اجلاس یہ باور کرواتا ہے کہ بھارت نے 26فروری 2019کو جس طرح بالا کوٹ پر جارحیت کر کے سرحدوں کی خلاف ورزی کی اور پوری دنیا کے سامنے اسے ہزیمت اٹھانا پڑی، اجلاس اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ دفاع وطن کیلئے آزادکشمیر کی عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے کمربستہ ہیں۔ قرار داد میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے افواج پاکستان کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی سربلندی کے لیے دعا کرتا ہے۔ایک اور قرار داد میں کہا گیا کہ کابینہ وفاقی حکومت کی جانب سے آزادکشمیر میں ناکافی فنڈز کی فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتی ہے اور بذریعہ قرار داد مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت پاکستان، آزادکشمیر کے نارمل میزانیہ میں اس قدر مزید فنڈز فراہم کرئے کہ آزادکشمیر کے ملازمین اور پنشنرز کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جاسکے۔ قرار داد میں کہا گیا کہ اجلاس وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کے عوام دوست اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔وزیراعظم نے اقتدار سنبھالنے کے بعد جن انقلابی اقدامات کا آغاز کیا اور جس بائیس رکنی اصلاحاتی اقدامات کو رائج کیا اس نے ریاست میں گورننس کے نظام کو بدل کر رکھ دیا۔اجلاس کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات پر وزیراعظم کے کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔
واپس کریں