دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان کا انڈیا کے خلاف تین کشمیری نوجوانوں کے قتل پر عالمی نگرانی میں عدالتی تحقیقات کا مطالبہ
No image اسلام آباد ۔ پاکستان نے ہندوستانی مقبوضہ کشمیر میں تین بے گناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کئے جانے پر انٹرنیشنل سیکورٹنی میں شفاف عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ہندوستانی فوج نے 18 جولائی2020 کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں سرچ آپریشن کے دوران پچیس سالہ امتیاز احمد ،بیس سالہ محمد ابرار اور سولہ سالہ ابرار احمد کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔ان تینوں نوجوانوں کا تعلق راجوری سے ہے اور وہ پھلوں کے باغات میں مزدوری کرتے تھے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج نے معصوم کشمیری نوجوانوں کو بے رحمی سے قتل کیا اور دعوی کیا کہ وہ غیر شناخت شدہ دہشت گرد ہیں۔ہندوستانی فوج نے ان کی لاشیں ورثاء کے حوالے کرنے کے بجائے اپنا جرم چھپانے کے لئے ان نوجوانوں کو غیر ملکی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کو دفنا دیا۔اس واقعہ کے تین ماہ بعد ہندوستانی فوج نے یہ قبول کیا کہ تینوں کشمیری مزدور تھے اور انہیں ماروائے عدالت ہلاک کیا گیا اور یہ ہندوستانی مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے مظالم کی ایک مثال ہے۔ہندوستانی فوج نے 18 ستمبر کو ایک بیان میں تسلیم کیا کہ یہ فوج کا جعلی آپریشن تھا اورآرمڈ فورسز سپیشل ایکٹ سے تجاوز کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری اس بات سے آگاہ ہے کہ ہندوستان نے5 اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدمات کے ذریعے معصوم کشمیریوں کے خلاف مظالم میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔قابض ہندوستانی فوج نے گزشتہ ایک سال کے دوران تیس سے زائد نوجوان کشمیریوں کوماورائے عدالت ،فوجی محاصرے،جعلی مقابلوں میں قتل کیا ہے۔پاکستان مسلسل عالمی برادری بشمول اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی توجہ کشمیری لوگوں کے خلاف ہندوستان کے ان سنگین جرائم کی طرف مبذول کراتا آ رہا ہے۔ہندوستانی فوج کا 18 ستمبر کو جاری ہونے والا بیان اس بات کا اعتراف ہے کہ ہندوستانی فوج قصوروار ہے اورمقبوضہ کشمیر میں وار کرائمز(جنگی جرائمن) میں ملوث ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بی جے پی کی لیڈر شپ کو اس بات کا احساس کرنا چاہئے کہ وہ کشمیری لوگوں کے خلاف جرائم کے حوالے سے براہ راست جوابدہ ہیں۔آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ کی طرح کے غیر قانونی اور غیر انسانی قوانین ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیری لوگوں کے خلاف قتل و غارت گری کی کاروائیوں کا جواز نہیں بن سکتے۔
واپس کریں