دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک کا ہندوستان کے کشمیر سے متعلق موقف کو تقویت پہنچانے کاغیر ذمہ دارانہ بیان
No image اسلام آباد ( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر میں کرکٹ مقابلے کرانے والی کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے '' جیو نیوز '' کو ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ '' بھارت اگر سری نگر میں کشمیر پریمیئر لیگ جیسا ٹورنامنٹ کروانا چاہے تو مدد کرنے کے لیے تیار ہیں''۔
کشمیر پریمیئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن11اگست سے مظفر آباد میں شروع ہو گا۔اس میں آزاد کشمیر ،پاکستان اور غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوتے ہیں۔ عارف ملک نے مزید کہا کہ 'کے پی ایل 'کے پہلے ایڈیشن میں فرنچائز کے ساتھ جو مسائل ہوئے ان کوحل کر لیا ہے، مالی اور دیگر امور کو بہتر کرنے کے لیے لیگ کونسل تشکیل دی ہے،کہ ریٹائرڈ کھلاڑیوں کو کھلانے کے بارے میں پی سی بی سے بات ہو رہی ہے، نیدر لینڈز جانے والے 16 کھلاڑی کشمیر پریمیئر لیگ کا حصہ نہیں ہوں گے، کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں غیر ملکی کمنٹیٹرز خود آنا چاہ رہے ہیں۔
آزاد کشمیر میں کرکٹ مقابلے کرانے والے کشمیر پریمیئر لیگ کے صدرعارف ملک کا ہندوستان کو مقبوضہ کشمیر کے صدر مقام سرینگر میں کشمیر پریمیئر لیگ جیسا ٹورنامنٹ کروانے کی پیشکش مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کو تقویت پہنچانے کے مترادف ہے اور ایسا کرتے ہوئے پاکستان کی طرف سے بھی مقبوضہ کشمیر پر ہندوستان کے قبضے کو باواسطہ تسلیم کرانے کی ایک کوشش ہے۔
کشمیر پریمیئر لیگ کے صدرعارف ملک کا یہ بیان ناصرف پا کستان کی کشمیر پالیسی کے منافی ہے بلکہ 75سال سے ہندوستان کے خلاف آزادی کی مزاحمتی تحریک میں بے شمار قربانیاں دینے والے کشمیریوں کے زخموں پہ نمک پاشی اورکشمیر سے متعلق ہندوستان کے موقف کی تائید کے بھی مترادف ہے۔ کشمیر پریمیئر لیگ کے صدرعارف ملک کا یہ بیان قابل مذمت اور شرانگیز ہے۔ عارف ملک اگر سفارتی ماہر بننے کے بجائے مظفر آباد میں کرکٹ مقابلے کرانے تک ہی محدود رہیں تو مناسب بات ہے۔ ایسا غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک بیان دینے والے شخص کا کشمیر پریمیئر لیگ کا صدر ہونا تعجب انگیز اور افسوسناک امر ہے۔

واپس کریں