دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بلدیاتی الیکشن کے لئے کام مکمل،حکومتی مشاورت کے بعد شیڈول جاری ہو گا، چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس
No image مظفرآباد4جولائی2022( کشیر رپورٹ)چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے اپنا کام مکمل کر لیا ہے، اس سلسلہ میں پولنگ سکیم بھی جاری کر دی گئی ہے، حکومت سے مشاورت کے بعد بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائیگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے اپنا کام مکمل کر لیا لیکن حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ابھی تک فنڈز نہیں ملے۔ گزشتہ مالی سال میں جزوی فنڈز رکھے گئے تھے لیکن رواں مالی سال میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے کسی قسم کے فنڈز نہیں رکھے گئے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں وزیراعظم آزادکشمیر کے ساتھ الیکشن کمیشن کی میٹنگ کے دوران بلدیاتی انتخابات کیلئے فنڈز کی فراہمی سمیت مجوزہ قانون سازی اور دیگر ضروریات کوپوراکرنے کیلئے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا گیا تھا جس پر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز اور رکن الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے ریوائزڈ پولنگ سکیم / شیڈول کی منظوری دی گئی۔ ریوائزڈ پولنگ سکیم کے شیڈول کے مطابق 14جولائی سے19جولائی2022تک ریٹرننگ افسران کی جانب سے پولنگ سکیم کی تیاری و موصولہ تجاویز و اعتراضات کی روشنی میں مسودہ پولنگ کی سکیم کی تیاری کی جائیگی اور20جولائی کو ابتدائی پولنگ سکیم کے مسودے کی اشاعت کی جائیگی۔ 20سے23جولائی تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے پاس پولنگ سکیم کے خلاف اعتراضات / اپیلز دائر کی جا سکیں گی جبکہ 21جولائی سے 25جولائی تک ان اعتراضات / اپیلوں کی سماعت اور فیصلہ جات کیے جائیں گی۔ 26جولائی سے30تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے فیصلہ کے خلاف الیکشن کمیشن کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اوران کی سماعت اور فیصلہ جات کیے جائیں گے۔ 31جولائی سے02اگست تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران الیکشن کیشن کے فیصلہ جات کی روشنی میں حتمی مسودہ کی تیار ی کی جائیگ جبکہ04اگست2022کو حتمی پولنگ سکیم کی اشاعت کی جائیگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے حوالہ سے مشاورت کیلئے حکومت آزادکشمیرکو تحریک کی جاچکی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران جوڈیشل افسران بطور ریٹرننگ افسر فرائض انجام دیں گے جبکہ انتظامی افسران انکی معاونت کریں گے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بطورڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، سول ججز و ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بطور ریٹرننگ افسر اور تحصیلدارن و نائب تحصیلداران کو بطور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسرتعینات کر دیاگیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات2022کے لیے وارڈ وائز انتخابی فہرستوں کی Re-arrangementو اپڈیشن کے حوالہ سے اعلی سطحی اجلاس میں سینئر رکن الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، رکن الیکشن کمیشن فرحت علی میر، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان،ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ اور تمام اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز/ رجسٹریشن افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات 2022کے لئے حتمی ووٹر فہرستوں کی تیاری کے دوران عوام الناس کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کو حل کرنے کیلئے رجسٹریشن افسران سے مشاورت کی گئی۔ الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ووٹر فہرستوں کو نوٹیفائی ہونے کے بعد بھی الیکشن شیڈول جاری ہونے تک اس میں اگر کوئی غلطی ہے تو اسے درست کر سکتا ہے اس اختیار کو استعمال کرتے ہوئے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنر ز کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی شخص کا ووٹ اسکی متعلقہ وارڈ میں درج نہیں تو وہ ڈپٹی کمشنر/ رجسٹریشن افسر کو درخواست دے سکتا ہے جس پر الیکشن کمیشن کو اختیار حاصل ہے کہ وہ اس شخص کا متعلقہ وارڈ میں ووٹ درج کریگا۔ اجلاس اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات2022کے انعقاد کیلئے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کاکام مکمل کرنے کے بعد وارڈ وائزووٹر فہرستیں بھی مکمل کر لی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے آج ریوائزڈ پولنک سکیم بھی جاری کر دی ہے جبکہ بلدیاتی الیکشن کے غیرجانبدارنہ، آزادنہ اور منصفانہ انعقاد کیلئے جوڈیشل افسران کو بطور ریٹرننگ افسراور انتظامی افسران کو معاون ریٹرننگ افسرمقرر کردیا گیاہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ ریٹرننگ افسران کو مناسب ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کریں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے بعد وارڈ وائز ووٹر فہرستوں کا کام بھی مکمل کرلیا ہے۔ اگر کسی شخص کا نام اسکے متعلقہ وارڈ میں درج نہیں تو وہ اسکی درستگی کیلئے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے سکتا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہاکہ وارڈ وائز ووٹر فہرستوں کی تیاری کے دوران مختلف علاقوں میں وارڈز میں اضافہ ہوگیا ہے اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر آفس کے بارہ جیو ٹیگنگ کے کر کے ووارڈ وائز ووٹر فہرستیں مشتہر کی جاسکتی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنرز کے توسط سے بھی اخبارات، سوشل و ڈیجیٹل میڈیا پر بھی اس حوالہ سے لوگوں کو آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس وارڈ وائز ووٹر فہرستوں میں اپنا پتہ تبدیل کرنے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے سکتے ہیں جنہیں الیکشن کمیشن ڈویژن کا دورہ کر کے یکسو کریگا۔

آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے وارڈ وائز ووٹر فہرستیں مکمل کر لی، اس سلسلہ میں عوام الناس اپنا نام اور متعلقہ وارڈ ڈسٹرکٹ رجسٹریشن افسر کے دفتر میں چیک کر سکتے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کی آن لائن سروس8302پر بھی اپنا نام اور وارڈ چیک کیا جا سکتاہے۔ اگر کسی فرد کا نام اس کے متعلقہ وارڈ میں درج نہیں تو وہ ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے سکتا ہے جس پر الیکشن کمیشن مزید کارروائی کا اختیار رکھتا ہے۔

واپس کریں