دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر اسمبلی میں غریب کی حالت زار پہ رونے والا پہلا کھرب پتی وزیراعظم
No image مظفر آباد30جون2022 ( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کی سرکاری طور پر جاری خبر کے مطابق ''آزاد کشمیر اسمبلی میں بجٹ پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان زکوة فنڈز سے مستحقین کی سالانہ تین ہزار روپے امداد کا ذکر کرتے ہوئے رو پڑے اور ان کی آواز بیٹھ گئی۔وزیراعظم دیر تک آبدیدہ رہے اور سیکرٹری اسمبلی نے ٹشو پیپر کا ڈبہ وزیراعظم کے ڈائس پر پہنچایا جس سے انہوں نے آنسو صاف کیے۔وزیراعظم نے کہا کہ غربت کیا چیز ہے اس کا احساس گریڈوں اور گاڑیوں والوں کو کیسے ہوسکتا ہے میرا دل خون کے آنسو روتا ہے یہ آنسو کسی کو دکھانے کے لیے نہیں بلکہ یہ میرے دلی جذبات ہیں''۔

اس سرکاری خبر کے آخر میں بتایا گیا کہ '' سردار تنویر الیاس آزادکشمیر کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جو آزادکشمیر میں غربت اور مستحقین زکوة کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر نہ صرف آبدیدہ ہوئے بلکہ دیر تک ان کی ہچکی بندھی رہی''۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم تنویر الیاس متعدد بڑے بڑے کاروباروں کے کھرب پتی مالک ہیں۔ گزشتہ سال کے الیکشن سے پہلے آزاد کشمیر کی سیاست میں آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے انہوں نے دولت کے بل بوتے سیاست دانوں کو پچھاڑتے ہوئے پہلی صف میں اپنی نمایاں جگہ بنا لی۔ دولت کے بل بوتے ہی انہوں نے آزاد کشمیر میں ' پی ٹی آئی' کی صدارت حاصل کی اور پھر دولت کے سہارے ہی وہ آزاد کشمیر کی وزارت عظمی کا عہدہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس نے گزشتہ الیکشن میں کروڑوں روپے خرچ کئے اور اپنی دولت کی صلاحیت سے کئی نامی گرامی سیاست دانوں کو مجبور کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے جلسوں کے اخراجات کے لئے بھاری رقوم مہیا کرنے اور عمران خان کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی اطلاعات بھی عام رہیں۔

' پی ٹی آئی ' آزاد کشمیر کے صدر تنویر الیاس وزیر اعظم کی حیثیت سے آزاد کشمیر میں ہزاروں افراد کے روزگار کا بندوبست کر سکتے ہیں اور متعدد بڑے کاروباروں کے کھرب پتی مالک ہونے کی حیثیت میں بھی وہ ہزاروں افراد کے روزگار کا اہتمام کر سکتے ہیں، یہ ان کے لئے کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے۔ لیکن ذلت آمیز زندگی گزارنے والے آزاد کشمیر کے غریب، مجبور اور عاجز شہری کے لئے کھرپ پتی کاروباری وزیر اعظم کے پاس صرف آنسو ہیں جو انہوں نے اسمبلی میں ''صدق دل ''سے بہائے ہیں۔غریب کی ذلت تو قانون قدرت کے ذمے ڈال دی جاتی ہے تاہم کھرب پتی کاروباری وزیر اعظم تنویر الیاس نے آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایک ایسا ریکارڈ قائم کر دیا ہے جس کاتوڑنا کسی کے بس کی بات نظر نہیں آتی۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کی صورتحال پہ سابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کے بھی آنسو نکل آئے تھے ، اور آزاد کشمیر میں ایسے مزید وزیر اعظم بھی آ سکتے ہیں جو غریب کی حالت زار پہ آنسو بہا سکتے ہیں لیکن آزاد کشمیر میں آنسو بہانے والا ایسا کوئی وزیر اعظم آنا بہت ہی مشکل ہے جو کھرب پتی کاروباری بھی ہو اور غریب کی حالت زار پہ روتے ہوئے اس کی آواز بھرا جائے،وہ کہے کہ میرا دل خون کے آنسو روتا ہے اور سیکرٹری اسمبلی کو آنسو پونچنے کے لئے اس کو ٹشو پیپر کا ڈبہ فراہم کرنا پڑے۔ آزاد کشمیر کی تاریخ میں ایسا منفرد کارنامہ انجام دینے پر وزیر اعظم تنویر الیاس خصوصی مبارکباد کے حقدار ہو گئے ہیں اور اس تاریخ ساز کارنامے پہ ان کو اعلی ترین قومی ایوارڈ دینا بھی مبنی بر انصاف ہو گا۔آزاد کشمیر کے غیور عوام ایسے وزیر اعظم پہ نسل در نسل فخر کرتے رہیں گے۔

واپس کریں