دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
' پی ٹی آئی ' کی نااہل، غیر ذمہ دار حکومت کی پرامن مظاہرین پر تشدد کی کاروائی قابل افسوس، قابل مذمت ،آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب نہ کیا جائے،راجہ فاروق حیدر خان
No image اسلام آباد ( پ ر )سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر و سابق صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مظفر آباد میں لبریشن فرنٹ کے اپرمن مظاہرین پر پولیس کے تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی ' پی ٹی آئی ' حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند رہنمائوں کے حق میں کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے پر پولیس تشدد کراتے ہوئے نہایت غیر ذمہ دارانہ اقدام کیا ہے اور آزاد کشمیر کے تمام سیاسی مکتبہ ہائے فکر اس کی سخت الفاظ میں مذمت کر رہے ہیں۔
راجہ فاروق حیدر خان نے ایک بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر کی ' پی ٹی آئی ' حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے حریت رہنما محمد یاسین ملک کو ہندوستان کی طرف سے قید کی سزا سنائے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے پرامن مظاہرین کے خلاف پولیس ایکشن کراتے ہوئے ایک غلط اور قابل مذمت اقدام کیا ہے ، آزاد کشمیر کی ' پی ٹی آئی' حکومت جان بوجھ کر آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کے درپے ہے، آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور یہاں مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کے خلاف پولیس کاروائی کرانا قابل افسوسناک اور قابل مذمت اقدام ہے۔
راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ میرے دور حکومت میں بھی لبریشن فرنٹ نے چکوٹھی روڈ پر احتجاجی مارچ اور دھرنا دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اقوام متحدہ کا نمائندہ ان سے ملاقات کرتے ہوئے احتجاجی یاداشت وصول کرے، اس وقت ہماری حکومت نے مظاہرین کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کے مطالبات پورے کراتے ہوئے ان کی احتجاجی یاداشت اقوام متحدہ کے نمائندے تک پہنچائی تھی اور اس معاملے کو سیاسی طریقے سے افہام و تفہیم سے حل کرایا گیا تھا۔ لیکن اب ' پی ٹی آئی' حکومت نے پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش کی ہے بلکہ آزاد کشمیر کے پرامن ماحول کو بھی اپنی نااہلی اور غیر ذمہ داری سے خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کی سزا پر پوری کشمیری قوم یک زباں ہے، ہندوستان طے شدہ منصوبے کے ذریعے مقبوضہ جموں کشمیر کی مقبول قیادت کو منظر عام سے ہٹانا چاہتا ہے لیکن کشمیریوں نے پہلے بھی اس کی تمام تر سازشیں ناکام بنائیں اب بھی وہ اس کی چال میں نہیں آئیں گے۔

واپس کریں