دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ کشمیر، کولگام میں جھڑپ، فوج کے راستے سے بم برآمد، دو نوجوان گرفتار،بھدرواہ میں صورتحال کشیدہ
No image سرینگر( کشیر رپورٹ)مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کولگام کے کھانڈی پورہ علاقے میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جاری جھڑپ میں ہندوستانی فوج نے حزب المجاہدین تنظیم سے وابستہ ایک آزادی پسند مزاحمت کا رکو شہید کرنے کا دعوی کیا ہے۔ آخری اطلاعات ملنے تک جھڑپ جاری ہے۔کولگام کے کھانڈی پورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی اور اسی دوران عسکریت پسندوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کی جس کے بعد تصادم شروع ہوا۔ہندوستانی فوج کا خیال ہے کہ دو سے تین عسکریت پسند علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ تصادم اب بھی جاری ہے۔

شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پوٹکھاہ علاقے کے نزدیک بارہمولہ- سری نگر شاہراہ پر ہفتے کی صبح سیکورٹی فورسز نے ایک آئی ای ڈی بر آمد کی جس کو بعد میں ناکارہ بنا دیا گیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے بلگام علاقے میں ٹائم پاس ہوٹل کے قریب آئی ای ڈی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فوج کی 52 RR موقع پر پہنچی اور بعد میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بلایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بعد میں بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم نے اس آئی ای ڈی کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا جس کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔

ہندوستانی فوج نے بارہمولہ میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ان کا تعلق ایک آزادی پسند عسکری تنظیم سے ہے۔پولیس ترجمان کے مطابق فوج اور پولیس نے بارہ مولہ میں دو سرگرم ملی ٹینٹ جن کی شناخت ارشاد احمد میر ولد عبدالرحمن میر اور زاہد بشیر ولد بشیر احمد ساکنان نہالپورہ پٹن کے بطور ہوئی ہے کو حراست میں لے لیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے 2 چینی ساخت کے پستول، 18راونڈ اور دو میگزین برآمد کرکے ضبط کئے۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں ایک 20 سالہ نوجوان کی لاش بر آمد کی گئی۔ چاڈورہ کے سرسیار علاقے میں مقامی لوگوں نے گذشتہ شام ایک نوجوان کی لاش دیکھی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے گرچہ نوجوان کو سب ضلع ہسپتال چاڈورہ پہنچایا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیامتوفی کی شناخت لطیف احمد تیلی ولد عبد الاحد تیلی ساکن دادمپورہ چاڈورہ کے بطور ہوئی ہے۔

ہندوستان میں توہین رسالت کے معاملے پر مقبوضہ جموں وکشمیر کے بھدرواہ قصبے میں حالات کشیدہ ہیں۔بھدرواہ قصبے میں جمعے کے روز سخت کرفیو نافذ کر دیا جبکہ رام بن، کشتواڑ اورڈوڈہ میں انٹرنیٹ خدما ت کو منقطع کیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کیس درج کیا گیا ہے۔ بھدرواہ قصبے میں جمعرات کی شام کو سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پوسٹ کیا گیا جس وجہ سے ضلع بھر میں کشیدگی کا ماحول پھیل گیا۔بھدرواہ میں مسلم اور ہندوآبادی کے درمیان سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔




واپس کریں