دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عید کے موقع پر پاکستان اور ہندوستان کی فوجوں کے درمیان مٹھائیوں کا تبادلہ
No image نئی دہلی( ماینٹرنگ رپورٹ) ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کے درمیان عید الفطر کے موقع پر سرحدوں پر مٹھائی کا تبادلہ کیا گیا،دونوں ملکوں کے فوجیوں نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں پیش کیں۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق واہگہ اٹاری سرحد اور سانبہ سیکٹر میں ہندوستان کی بارڈر سیکورٹی فورس اور پاکستان رینجرز نے عید کے موقع پر ایک دوسرے کو مٹھائیاں دیں۔ہندوستانی میڈیا کے مطابق مٹھائیوں کا یہ تبادلہ خوشگوار ماحول میں ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اس وقت معمول کے تعلقات قائم نہیں ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے کشیدگی جاری ہے۔ ہندوستان کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر سے متعلق 5اگست2019کے اقدام ، مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی ریاستی حیثیت کے خاتمے اور اس متنازعہ خطے کو ہندوستان میں مدغم کرنے کے اقدام کے بعد سے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات خراب چلے آ رہے ہیں۔ دونوں ملکوں نے کشمیر کو غیر فطری طور پر تقسیم کرنے والی سیز فائر لائین( لائین آف کنٹرول) پر سیز فائر کے سمجھوتے کی توثیق کی ہے اور دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان مختلف موقعوں پر بین الاقوامی سرحد کے علاوہ کشمیر کی لائین آف کنٹرول پر مٹھائیوں کے تبادلے ہوتے رہتے ہیں ، لیکن اس کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان معمول کے تعلقات قائم نہیں ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بھی معطل ہے۔ ہندوستان نے چند سال قبل متنازعہ ریاست کشمیر کے دونوں حصوں کے درمیان منقسم کشمیری خاندانوں کی آمد و رفت کا سلسلہ بھی روک رکھا ہے۔ دوسری طرف صورتحال یہ ہے کہ ہندوستانی مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی فوج اور حکومت کی طرف سے قتل و غارت گری اور ظلم و جبر کی کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
واپس کریں