دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزارت خزانہ نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
No image اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی)وزارت خزانہ نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے، وزیراعظم کونسل کی قیادت کریں گے۔ کونسل میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا، وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا، مصدق ملک، طارق پاشا، میاں محمد منشا، محمد علی تابا، عارف حبیب،ڈاکٹر عاصم حسین، عاطف باجوہ، فیصل فرید، ایچ بی ایل کے اورنگزیب، فوجی فائونڈیشن کے سی ای او وقار احمد ملی، سلمان احمد، شہزاد سلیم، رحمن نسیم، مصدق ذوالقرنین اور ڈاکٹر اعجاز نبی شامل ہیں۔
اقتصادی مشاورتی کونسل جامع انداز میں اقتصادی پالیسیاں تشکیل دینے میں معاونت فراہم کرے گی، کونسل قلیل المیعاد میکرو اکنامک استحکام اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے تجاویز دے گی ۔ اقتصادی مشاورتی کونسل کا اجلاس ہر ہفتے ہو گا جس میں قومی معیشت کیلئے اہمیت کے حامل امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ کونسل ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لے گی اور صورتحال میں بہتری کیلئے موجودہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے تجاویز اور سفارشات مرتب کرے گی۔
کونسل سرکاری کاروباری اداروں کیلئے اور ان کے ذریعے فراہم کردہ سبسڈیز کے موثر ہونے کا جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ عوام کیلئے حکومت کی طرف سے سماجی تحفظ کے دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لے گی۔ کونسل قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں مسابقت کے قیام کیلئے بھی کام کرے گی۔ کونسل کے تحت ذیلی کمیٹیوں کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
واپس کریں