دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
پاکستان ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بلاسود قرضے فراہم کرنے والے ادارے کے مالک ڈاکٹر امجد ثاقب نوبل امن ایوارڈ کے لئے نامزد
No image اسلام آباد ( کشیر رپورٹ) فلاحی تنظیم اخوت کی بنیاد رکھنے والے ڈاکٹر امجد ثاقب کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب پاکستان میں بلاسود قرض فراہم کرتے ہوئے ایک بہت بڑا نیٹ ورک چلا رہے ہیں۔نوبل امن انعام 2022 کے لئے دنیا بھر سے 343 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں 251 انفرادی شخصیات اور 92 ادارے شامل ہیں۔ ان ناموں میں ایک نام ڈاکٹر امجد یوسف کا بھی ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب کا نام غربت کے خاتمے کیلئے کوشش اور انسانیت کی خدمت پر نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا ۔ اخوت تنظیم اربوں روپے مالیت کے بلا سود قرضے غریب اور پسماندہ لوگوں میں تقسیم کر چکی ہے اور لاکھوں غریب خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔ اخوت پاکستان کے صوبوں کے علاوہ فاٹا، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے کئی علاقوں تک پھیل چکا ہے۔
پاکستان کے علاقے فیصل آباد کے ایک گاں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری لینے کے بعد سول سروس میں جانے کا فیصلہ کیا اور ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ کے ایک اچھے افسر کے طور پر اپنی انتظامی صلاحیتوں کو منوایا۔ سرکاری ملازمت کے دوران انہیں پنجاب رورل سپورٹ پروگرام کے جنرل مینجر کے طور پر بھی کام کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے غیر سرکاری فلاحی تنظیم اخوت کی بنیاد رکھی اور سرکاری ملازمت سے استعفی دے دیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے دس ہزار روپے کے معمولی سرمائے سے غریب لوگوں کو بلا سود قرضے دینے کا آغاز کیا۔ آج ان کا ادارہ سود کے بغیر چھوٹے قرضے دینے والا دنیا کا ایک بہت بڑا ادارہ بن چکا ہے۔ اخوت تنظیم بلا سود قرضوں اور پیشہ وارانہ رہنمائی کے ذریعے پسماندہ علاقوں کے غریب لوگوں کو اپنے پاں پر کھڑا ہونے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ اخوت نادار اور ضرورت مند لوگوں کو چھوٹے چھوٹے کاروبار کرنے کے لیے بیس سے پچاس ہزار تک کے بلا سود قرضے فراہم کرتا ہے۔ یہ قرضے بغیر کسی لمبی چوڑی تفتیش کے ہاتھ سے لکھی ہوئی ایک سادہ درخواست اور شخصی ضمانت کے ذریعے دیے جاتے ہیں۔
اخوت کے قرضوں کی واپسی کی شرح تقریبا ننانوے فیصد ہے۔ اخوت کی طرف دیے گئے قرضوں سے خواتین اور ملک کی اقلیتی برادریاں بھی مستفید ہوئی ہیں۔ اخوت کا ادارہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے غریب لوگوں کی مدد کے لیے گرجا گھروں میں خصوصی فلاحی تقریبات کا اہتمام بھی کرتا ہے۔اس فلاحی ادارے کو پاکستانی مخیر حضرات کی بڑی تعداد سپورٹ کرتی ہے۔ یہ ادارہ کاروبار کرنے کے متمنی خواتین و حضرات کی مدد کرنے کے علاوہ گھر بنانے، بچوں کی تعلیم یا بچوں کی شادی کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ضروریات کے لیے قرضے حاصل کرنے کے خواہش مند نادار افراد کی بھی مدد کرتا ہے۔ اخوت کے ماڈل کو دنیا کے کئی ملکوں اور کئی یونیورسٹیوں میں سٹڈی کیا جا رہا ہے۔ اخوت نے پاکستان کی قومی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے غریب لوگوں کی مدد کے لیے شروع کی جانے والی کئی سرکاری فلاحی سکیموں کی شفاف تکمیل کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔
اخوت کے بانی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب کی زیر نگرانی قرضوں کی فراہمی کے کور پراجیکٹ کے علاوہ متعدد فلاحی منصوبے بھی چلائے جا رہے ہیں۔ ان میں اخوت کلاتھ بنک، اخوت ہیلتھ سروسز، اخوت ڈریمز پراجیکٹ، اخوت ایجوکیشن اسسٹنس پروگرام اور اخوت فری یونیورسٹی کے علاوہ یہ ادارہ خواجہ سراں کی فلاح و بہبود اور ان کی دیکھ بھال کا منصوبہ بھی شامل ہے۔گزشتہ چودہ برسوں میں اخوت تنظیم سولہ ارب اور پچہتر کروڑ روپے مالیت کے بلا سود قرضے غریب اور پسماندہ لوگوں میں تقسیم کر چکی ہے
ڈاکٹر امجد ثاقب نے ''ڈی ڈبلیو ''کو ایک انٹرویو میں کہاتھا کہ پاکستانیوں کی معاشی مشکلات کا پائیدار حل غیر ملکی امداد سے ممکن نہیں۔ ان کے بقول بھیک مانگنے والی اقوام کبھی ترقی نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اقتصادی حالات کی بہتری کے لیے پاکستانیوں کو ہی اٹھنا ہوگا۔ غربت کے خاتمے کے لیے یہاں لوگوں کو سماجی آگاہی، کپیسٹی بلڈنگ، کاروباری تربیت اوردوسروں کی مدد کرنے والی رضاکارانہ سوچ سے مزین کرنا ہوگا۔ ان کے خیال میں اگر پچاس فیصد پاکستانی بقیہ پچاس فیصد پاکستانیوں کی مدد کا مخلصانہ تہیہ کر لیں تو لوگوں کی مشکلات میں بہت حد تک کمی لائی جا سکتی ہے، میرا تجربہ یہ بتاتا ہے کہ پاکستانی دیانتدار قوم ہے، اسی لیے تو لاکھوں لوگ چھوٹے چھوٹے قرضوں سے اپنے کاروبار سیٹ کر کے ہمیں قرضے واپس کر رہے ہیں بلکہ اخوت کے ڈونر بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اخوت کا ماڈل روایتی اقتصادی تصورات کے ذریعے سے نہیں سمجھا جا سکتا۔ ان کے بقول سودی قرضوں کی معیشت مسابقت، منافع کے لالچ اور مارکیٹ فورسز کے تحت کام کرتی ہے جبکہ وہ ایثار، قربانی اور دوسروں کی مدد کر کے ان کو ان کے پاں پر کھڑا کرنے کی بات کر رہے ہیں۔
واپس کریں