دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سپریم کورٹ نے 2005کے زلزلے کے حوالے سے بیرون ملک سے آئے زلزلہ فنڈز اور اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں، آزاد کشمیر میں بھی اس حوالے سے کاروائی ناگزیر ہے( کشیر رپورٹ)
No image اسلام آباد ( کشیر رپورٹ) پاکستان سپریم کورٹ نے خیبر پختون خواہ حکومت کو حکم دیا ہے کہ 2005کے زلزلے میں متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے بیرون ملک سے آنے والے فنڈ اور اس کے اخراجات کی تفصیل سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے۔سپریم کورٹ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔سیکرٹری فنانس اور ایرا ء نے رپورٹ جمع کرادی جبکہ کے پی حکومت نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیا۔دورانِ سماعت جسٹس مظاہر نقوی نے سوال کیا کہ تعلیم اور صحت کے منصوبوں پر کتنی رقم خرچ کی گئی؟صوبائی حکومت کے پاس فنڈز کی مد میں کتنی رقم باقی ہے؟ تفصیل دیں۔انہوں نے کہا کہ کونسا منصوبہ کس کے پاس ہے؟ یہ پالیسی معاملہ ہے، ہمیں بتائیں کتنا فنڈز آیا کتنا خرچ ہوا۔ عدالت نے پختونخوا حکومت کو جواب جمع کرانے کا وقت دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔

سپریم کورٹ نے متعلقہ سرکاری محکموں ، اداروں سے زلزلے کے حوالے سے بیرون ملک سے آنے والے فنڈ ز اور اس کی خرچ کی تفصیلات تو طلب کی ہے تاہم سپریم کورٹ میں اس حوالے سے آزاد کشمیر کو بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز اور اس کے اخراجات کی تفصیل کا معاملہ شامل معلوم نہیں ہوتا۔ آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے لئے ضرور ی ہے کہ 2005کے زلزلے میں بیرون ملک سے آزاد کشمیر کو ملنے والے فنڈز اور اس کے اخراجات کی تفصیل دریافت کرتے ہوئے اس معاملے میں مبنی بر انصاف کاروائی کا حکم جاری کیا جائے۔ سالہا سال پہلے آزاد کشمیر میں زلزلے کے ملبے کو ہٹانے کے حوالے سے کرپشن کے معاملات سامنے آئے تھے لیکن اس معاملے میں بھی کوئی کاروائی نہیں کی گئی تھی۔اب جبکہ پاکستان سپریم کورٹ میں زلزلے کے حوالے سے بیرون ملک سے ملنے والے فنڈز اور پاکستان میں اس کے اخراجات کی تفصیل دریافت کی گئی ہے، تو ضروری ہو جاتا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے فنڈز میں سے آزاد کشمیر کو اس حوالے سے ملنے والے فنڈز اور اس کے اخراجات کی تفصیل بھی منظر عام پہ لائی جائے اور اس حوالے سے کرپشن کی بھی تحقیقات اور کاروائی عمل میں لائی جائے۔

2005 میں7.6شدت کے تباہ کن زلزلے میں بیرون ملک سے کثیر تعداد میں فنڈز پاکستان کو دیئے گئے تاہم بیرون ملک سے آنے والے ان فنڈز میں کرپشن کے الزامات زود عام ہیں۔ اس زلزلے میں بالا کوٹ اور مظفر آباد بری طرح تباہ ہو گئے تھے، آزاد کشمیر اور صوبہ خیبر پختون خواہ کے دیگر کئی علاقوں میں بھی اس زلزلے سے ہلاکتیں اور تباہی ہوئی۔اس زلزلے میں آزاد کشمیر اور صوبہ '' کے پی کے '' میں ہلاک ہونے والے انسانوں کی تعدادکم از کم79ہزار اور زخمیوں کی تعداد69ہزار ہے ۔ آزاد کشمیر میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 43ہزار ہے۔ زلزلے میں آبادیوں کی آبادیاں منہدم ہو گئی تھیں۔

واپس کریں