دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
خصوصی عدالت نے ڈڈیال کے اندوہناک واقعہ کے مرتکب کو تین بار موت اور 60لاکھ جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا
No image میر پور( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کے ضلع میر پور کی تحصیل ڈڈیال میں ایک معصوم بچی کی بے حرمتی اور اسے قتل کرنے والے ظالم کو خصوصی عدالت نے موت کی سزا کا حکم سنایا ہے۔اس اندوہناک واقعہ پر وسیع پیمانے پر احتجاج کیا گیاتھا۔
آزاد کشمیر پولیس نے آج اپنے ایک بیان میں بتایا کہ '' آزاد کشمیر پولیس کی محنت رنگ لے آئی ، ڈڈیال آزاد کشمیر کی 12 سالہ معصوم کنول مطلوب کے ورثا کو انصاف مل گیا،خصوصی عدالت نے جرائم ثابت ہونے پر قاتل ملزم معین بشیر کو تین بار سزائے موت اور 60 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی''۔
آزاد کشمیر پولیس نے اس کیس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظالم قاتل کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف مقدمہ خصوصی عدالت میں چلایا گیا۔ تاہم آزاد کشمیر پولیس کے اس بیان سے اتفاق نہیں کیا جا سکتا کہ '' ڈڈیال آزاد کشمیر کی 12 سالہ معصوم کنول مطلوب کے ورثا کو انصاف مل گیا ''۔ قاتل کی نشاندہی ، گرفتاری اور عدالت سے موت کی سزا متاثرہ خاندان کے لئے اطمینان بخش ضرور ہے تاہم قاتل کے لئے موت کی سزا بھی متاثرہ خاندان کے لئے انصاف کا باعث نہیں ہو سکتی، صرف متاثرہ خاندان ہی نہیں بلکہ شہریوں کے لئے بھی یہ اندوہناک واقعہ تادیر گہرے دکھ کا باعث رہے گا۔

واپس کریں