دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
بھارت کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین سے بیدخل کر رہا ہے، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان
No image مظفرآباد ۔ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشعل بیکلے کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں فوج اور
پولیس کے ہاتھوں شہریوں کے خلاف طاقت کے بے دریغ استعمال، پیلٹ گنوں کے استعمال سے پر امن مظاہرین کو آنکھوں کی بینائی سے محروم کرنے اور ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی لا کر ریاست کی مسلم اکثریت کی اقلیت میں تبدیل کرنے پر تشویش کا اظہار کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی ادارے مقبوضہ کشمیر یں جاری قتل عام، نسل کشی اور کشمیریوں کی زمین چھیننے کے اقدامات روکنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا ئیں۔
اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل کے پنتالیسویں اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے حقوق انسانی کے کشمیر کے بارے میں ریمارکس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مشعل بیکلے نے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں جو کچھ کہا ہے وہ اصل صورتحال کی محض ایک جھلک ہے جبکہ حالات اس سے کئی زیادہ گھمبیر اور نا قابل بیان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نہ صرف انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیاں کر رہی ہے بلکہ یہ کشمیریوں کی نسل کشی، انسانیت کے خلاف بد ترین جرائم اور جنگی جرائم میں بھی ملوث ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے۔
صدر سردار مسعود خان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کر کے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت گری اور غیر قانونی طور پر بھارت کے شہریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کرکے ریاست کی مسلمان اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے واقعات بند کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی سربراہ مشعل بیکلے سے انسانی حقوق کمیشن کی 2018 کی رپورٹ کی روشنی میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی کمیشن آف انکوائری قائم کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے صدر آزا دکشمیرسردار مسعود خان نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی سر براہ اس سلسلہ میں اپنا قائدانہ کردار ادا کریں۔
انہوں نے آزاد کشمیر اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کو مساوی قرار دینے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں لوگ آزاد ہیں۔ انہیں تمام بنیادی شہری حقوق حاصل ہیں۔ آزاد کشمیر کے شہروں اور قصبوں میں فوجی گشت کرتے ہیں اور نہ ہی شہریوں کو روک کر ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے۔ آزاد کشمیر کے شہری علاقوں میں فوجی چوکیاں اور نہ ہی خار دار تاروں سے رہائشی علاقوں کو سیل کیا گیا ہے جبکہ اس کے برعکس مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت ہے، کشمیریوں سے ان کی زمین چھین کر انہیں اپنی ہی دھرتی پر بے زمین کیا جا رہا ہے اور ان کے لیے عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے اس تاثر کو بھی مسترد کر دیا کہ آزاد کشمیر میں شہریوں کو تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ کی سہوتیں میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ آزاد کشمیر میں اکثر شہروں میں انٹرنیٹ کی بہترین سہولتیں موجود ہیں جبکہ آزاد ریاست کے تمام علاقوں میں یہ سہولتیں مہیا کرنے کے لیے انفراسٹرکچر بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے اس سے عالمی برادری پوری طرح آگاہ ہے اور انشا اللہ وہ دن دور نہیں جب بھارت کو انسانیت کے خلاف اپنے ایک ایک جرم کا حساب دینا ہو گا۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے ملاقات کی۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کی صورتحال اور دیگر امور پر گفتگو کی۔

واپس کریں