دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیرِ اعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے سینئر موسٹ وزیر تنویر الیاس سمیت 5 وزرا برطرف کر دئیے
No image مظفر آباد۔14 اپریل ، 2022( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف عدم اعتماد تحریک پیش کرنے میں ملوث5وزراء کو کابینہ سے برطرف کر دیا ہے جس میں سینئر موسٹ وزیر تنویر الیاس بھی شامل ہیں۔تنویر الیاس عبدالقیوم نیازی کے خلاف وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق برطرف ہونے والے وزراء میں سینئر وزیر سردار تنویر الیاس کے علاوہ عبد الماجد خان، علی شان سونی، خواجہ فاروق اور اکبر ابراہیم شامل ہیں۔وزیر اعظم آزادکشمیر کے ترجمان کے مطابق ان وزرا کو مس کنڈکٹ، بدعنوانی اور مشکوک سرگرمیوں پر کابینہ سے نکالا گیا ہے اور ان کی برطرفی کانوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکمران' پی ٹی آئی' کے 25ارکان نے اپنی پارٹی کے ہی وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آزاد کشمیر اسمبلی میں جمع کرائی ہے اور متبادل وزیر اعظم کے لئے تنویر الیاس کا نام دیا گیا ہے۔ تنویر الیاس کو ' پی ٹی آئی' پاکستان کی طرف سے نئے وزیر اعظم کے طور پر نامزد بھی کیا گیاہے۔ وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی نے گزشتہ روز پارٹی سربراہ عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں اپنے خلاف ہونے والی سازش اور پارٹی کے مخالف ارکان کی قابل اعتراض سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے اس معاملے کا جائزہ لینے کے لئے شاہ محمود قریشی کو مقرر کیا ہے۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پر کل(15اپریل کو)بحث اور ووٹنگ کا اعلان پہلے ہی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی کی جانب سے کیا جا چکا ہے۔
واپس کریں