دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ضلع نیلم کے کل4212ملازمین میں40ملازمین ڈیوٹی پہ حاضر نہیں ،20صحت مراکز مین ڈاکٹر نہیں، چند متعین ڈاکٹر حاضر نہیں ہوتے۔ ضلع نیلم کے مسائل بارے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس
No image مظفر آباد ( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کے ضلع نیلم کے37محکموںمیں کل4212ملازمین ہیں جن میں سے40ملازم تنخواہیں تو لیتے ہیں لیکن اپنی ڈیوٹی پہ حاضر نہیں ہوتے جبکہ ضلع نیلم میں محکمہ تعلیم میں68گھوسٹ ملازمین ہیں جن کا کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں ہے۔ اس بات کا انکشاف ضلع نیلم کے مسائل کا جائزہ لینے کے حوالہ سے وزیر اعظم آزادکشمیر عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت اجلاس میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان نے کیا۔اجلاس میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے نیلم کے مسائل بارے مفصل رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔اجلاس میں محکمہ صحت عامہ کے حوالہ سے بتایا گیا کہ ضلع نیلم میں کل20بنیادی مراکز صحت ہیں جن میں سے11میں ڈاکٹرز ہی موجود نہیں، کچھ بنیادی صحت کے مراکز پر ڈاکٹرز تعینات ہیں لیکن حاضر نہیں اور تنخواہ لے رہے ہیں۔
کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان نے وزیر اعظم کو بریفنگ میںبتایا کہ ضلع نیلم میں اس وقت 03پو لیس اسٹیشنز کی اشد ضرورت ہے جبکہ کیل انتظامی یونٹ نہ ہونے کی وجہ سے بھی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم بتایا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے پاس تمام سہولیات اور سامان موجود ہے لیکن بجٹ اور مستقل سٹاف نہ ہونے کی وجہ سے سامان تباہ ہورہا ہے اور مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیلم گائوں، کیرن، شاردہ، کیل ٹان، کنڈل شاہی، جورا، تا بٹ میں واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کا فقدان ہے ۔
اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر آفتاب، کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمان، ڈی آئی جی طاہر محمود قریشی، چیف انجینئر شاہرات، چیف انجینئر برقیات، چیف انجینئر پی پی ایچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے ہدایت کی کہ گھوسٹ اور غیرحاضر ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر بند کی جائیں، دوسرے مرحلے میں ان کو نوٹسز جاری کیے جائیں جبکہ تیسرے مرحلے میں ان کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج کروا کر معاملہ احتساب بیورو کوبھیجا جائے۔

واپس کریں