دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران وزیر اعظم آزادکشمیر عبدالقیوم نیازی کی عمران خان کی حمایت اورصدر آزاد کشمیر کی خاموشی
No image اسلام آباد ( کشیر رپورٹ) پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی عدم اعتماد تحریک اور عدم اعتمادتحریک کو ناکام بنانے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے غیر آئینی اقدامات کی صورتحال میں آزاد کشمیر کے وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی نے عمران خان کی بھر پور حمایت میں بیان جاری کئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اس معاملے پہ عمران خان کی حمایت میں کوئی بیان نہیں دیئے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح آزاد کشمیر میں وزیر اعظم کی تقرری کے وقت بیرسٹر سلطان محمود چودھری کو نظر انداز کر کے جس طرح عبدالقیوم نیازی کو غیر متوقع طور پر آزاد کشمیر کا وزیر اعظم بنایا اور آزاد کشمیر میں ' پی ٹی آئی ' کی صدارت بھی بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے لے کر سردار تنویر الیاس کو دے دی، عمران خان کے ان اقدامات کے تناظر میں بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی طرف سے عمران خان کی حمایت میں بیانات نہ دینا کوئی غیر متوقع بات نہیں ہے۔اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک قومی اسمبلی میں پیش ہونے کی صورتحال میں آزاد کشمیر میں بھی حکومت کی تبدیلی کے لئے سیاسی رہنمائوں کے رابطے ہوئے اور کئی سیاسی رہنمائوں کی طرف سے یہ بات کہی گئی کہ پاکستان میں عمران خان حکومت کے خاتمے کے بعد آزاد کشمیر میں بھی وزیر اعظم کی تبدیلی عمل میںلانے کی کاروائی عین ممکن ہے۔دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان نے جس طرح اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سے بچنے کے لئے جس طرح غیر آئینی اور غیر قانونی اقدامات کا سہارا لیا ہے اس سے پاکستان میں ایک سنگین آئینی بحران پیدا کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی طرف سے اس معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مقدمے کی کاروائی شروع کی گئی ہے۔سپریم کورٹ میں منگل کو مسلسل تیسرے دن اس مقدمے کی سماعت ہوئی۔ بادی النظر میں یہ توقع کی جار ہی تھی کہ سپریم کورٹ عدم اعتمادم کی تحریک کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف فوری فیصلہ صادر کرے گی تاہم اس مقدمے میں کئی دنوں تک سماعت جاری رہنے کہ غیر متوقع صورتحال کے باوجود اس حوالے سے دبائو میں اضافہ ہوتا جار ہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو اپنے غیر آئینی اقدامات پر سخت تادیبی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واپس کریں