دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کوٹلی بار سے خطاب میں'' پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس'' کو ' بلیک لاء ' قرار دے دیا
No image مظفر آباد( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کوٹلی بار سے خطاب میں'' پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس'' کو ' بلیک لاء ' قرار دے دیا۔آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کوٹلی بار سے خطاب میں کہا کہ آرڈیننس حکومت جاری کرتی ہے اور اگر صدر اس پہ دستخط نہ بھی کرے تو وہ سات دن میں آرڈیننس بن جاتا ہے۔صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ جب وہ میرے پاس دستخط کرانے آئے تو میں نے ان سے کہا کہ یہ ' بلیک لاء ' ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم چودھری انوار الحق حکومت کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ یہ آرڈیننس عوام کے مفاد میں جاری کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس کو آزادی اظہار کے منافی قرار دیتے ہوئے وسیع پیمانے پہ اس کی مخالفت کی جار ہی ہے اورآزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں اس کے خلاف مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔
کمشنر مظفر آباد ڈویژن مسعود الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس 2024 سیاسی مقاصد کے لئے نہیں بلکہ شہریوں کی زندگی آسان بنانے کے لئے ہے، خلاف ورزی کی صورت قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔کمشنر پونچھ ڈویژن سردار وحید خان نے کہا پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری حالیہ آرڈیننس جسے پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس 2024 کا نام دیا گیا ہے درحقیقت شہریوں کے تحفظ کیلئے نافذ کیا گیا ہے، بعض لوگ اس کا غلط مفہوم لے کر شہریوں کو گمراہ کر رہے ہیں، اب جبکہ عدالت نے بھی اسے درست قرار دیا ہے کسی کو بھی اس کے مغائر شہریوں کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جس کسی نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ آزاد کشمیر حکومت کے موسٹ سینئر وزیرووزیر داخلہ کرنل ( ریٹائرڈ ) وقار احمد نے پر یس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستانی میڈیا ہمیں نہ بتائے کہ ہم نے اپنے شہریوں کی حفاظت کیسے کرنی ہے، آزادجموں وکشمیر پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس کا مقصد کسی کو ٹارگٹ کرنا نہیں،آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا قطعا موازنہ نہیں ہو سکتا،آزادکشمیر میں قانون سازی عوامی فلاح و بہبود جبکہ مقبوضہ کشمیر میں غیر آئینی غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے کو دوام دینے کے لیے کی جاتی ہے۔آزاد کشمیر کے چند دیگر وزراء نے خصوصی وڈیو بیانات میں پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس کے حق میں بات کی ہے۔


واپس کریں