دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آرڈیننس جسے پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس 2024 کا نام دیا گیا ہے درحقیقت شہریوں کے تحفظ کیلئے نافذ کیا گیا ہے۔کمشنر پونچھ ڈویژن سردار وحید خان
No image راولاکوٹ ( پی آئی ڈی)19نومبر 2024۔کمشنر پونچھ ڈویژن سردار وحید خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری حالیہ آرڈیننس جسے پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس 2024 کا نام دیا گیا ہے درحقیقت شہریوں کے تحفظ کیلئے نافذ کیا گیا ہے، بعض لوگ اس کا غلط مفہوم لے کر شہریوں کو گمراہ کر رہے ہیں، اب جبکہ عدالت نے بھی اسے درست قرار دیا ہے کسی کو بھی اس کے مغائر شہریوں کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جس کسی نے بھی قانون کی خلاف ورزی کی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وہ منگل کو یہاں کمشنر آفس میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔اس موقع پر ڈی آئی جی پونچھ ڈویژن شہر یار سکندر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر کے ایکٹ 74 میں بھی جہاں شہری آزادی یا انسانی حقوق کی بات کی گئی ہے وہاں اسے شرائط کے ساتھ مشروط کیا گیا ہے، آئین میں ترامیم یا آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی حکومت کا کام ہے، اگر کسی کو قانون پسند نہیں تو مجاز فورم پر رجوع کیا جا سکتا ہے لیکن اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ کوئی شخص یا اشخاص سڑکیں اور چوراہے بند کر کے دوسروں کی شخصی آزادی میں رکاوٹ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ چند دن پہلے کچھ لوگوں نے جن میں سے بعض نے مشروط اجازت لے رکھی تھی اور کچھ بلا اجازت جلسے جلوس کر رہے تھے اس سے نہ صرف اس آرڈیننس کی خلاف ورزی کی، بلکہ سڑک بند کی، بلکہ ریاستی اداروں کے خلاف زہر آلودہ زبان استعمال کی، ریاستی قوانین کو ماننے سے انکار کیا اور آرڈیننس کی کاپیاں نذر اتش کیں۔ ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ کچھ گرفتاریاں کی گئی ہیں، مزید بھی کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسے احسن طریقے سے پورا کیا جائے گا۔
واپس کریں