دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیر میں متعین اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کے سربراہ کی تبدیلی
No image نیویارک ( کشیر رپورٹ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے میکسیکو کے میجر جنرل رامون گارڈ اڈوسانچیز کو منقسم جموں و کشمیر میں یو این ملٹری آبزرور گروپ کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ وہ ارجنٹائن کے رئیر ایڈمرل گلو میرئوریوس کی جگہ اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا، پاکستان کے چیف ملٹری آبزرور کے طور پر کام کریں گے۔اس کا اعلان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے1949میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا اور پاکستان ( UNMOGIP)کا قیام عمل میں لایاتھا تاکہ جموں وکشمیر کی سیز فائر لائین پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی کی جائے۔ اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا اور پاکستان کا عملہ110افراد پر مشتمل ہے ۔UNMOGIP کا ہیڈ کواٹر موسم گرما میں سرینگر اور موسم سرما میں اسلام آباد منتقل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ کشمیر کا مسئلہ تقریبا77سال سے حل طلب ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھارت اور پاکستان کی رضامندی سے کشمیر کا مسئلہ ریاست جموں و کشمیر کے باشندوں کی رائے شماری سے حل کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بھارت کی دھونس اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے کشمیر کا دیرینہ اور سنگین مسئلہ اب تک حل طلب ہے۔ ہندوستانی زیر انتظام جموں وکشمیر میں عشروں سے بھارت کے خلاف آزادی کی مزاحمتی تحریک جاری ہے جس میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری جاں بحق اور ہزاروں بھارتی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔
واپس کریں