دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرایا جائے، حریت رہنما محمود ساغر کا سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے نام خط
No image اسلام آباد 31مارچ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما محمود احمد ساغر نے عالمی رہنمائوں پر زوردیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں مدد کریں۔محمود احمد ساغر نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے رہنمائوں کے نام ایک خط میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کشمیری نظربندوں کی حالت زار اور اختلاف رائے کے جمہوری حق کو دبانے کیلئے بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے ۔ خط میںبھارتی حکومت کے ظالمانہ ہتھکنڈوںکا حوالہ دیتے ہوئے کہاگیا ہے کہ جموں وکشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیاگیا ہے جہاں پرامن اجتماع کا حق، اظہار رائے کی آزادی اور پرامن احتجاج جیسے بنیادی حقوق پر قدغن عائد ہے۔
محمود ساغرنے کہا کہ 5 اگست 2019 سے بھارتی حکومت نے ہزاروں کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات کے تحت گرفتارکررکھا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، آسیہ اندرابی اور نعیم احمد خان بدنام زمانہ کالے قوانین کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔ انسانی حقوق گروپوں کو ان کے سرگرمیوںاور اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کی وجہ سے انتقانی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب نہ کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیری سول سوسائٹی اور سیاسی کارکنوں کی جبری گرفتاریاں مقبوضہ کشمیرمیں اختلاف رائے کے جمہوری حق کو دبانے کے بھارتی حکومت کی جابرانہ پابندیوں کی مہم کا واضح ثبوت ہے ۔ بھارتی حکومت کشمیر میں قبرستان کی خاموشی اوراختلاف رائے کی ہر آواز کو دبانے کیلئے عدلیہ اور دیگر جابرانہ ریاستی مشینری استعمال کر رہی ہے۔ حال ہی میں ایک بھارتی عدالت نے شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت فردجرم عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بندسینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی حالت زار کواجاگر کرتے ہوئے کہاکہ شبیر شاہ متعددعارضوں میں مبتلا ہیںاور جیل میںعلاج معالجے کی مناسب سہولت فراہم نہ کئے جانے کی وجہ سے ان کی صحت تیزی سے گر رہی ہے ۔انہوں نے عالمی رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ شبیرشاہ اور دیگر کشمیری سیاسی نظربندوں کی جلد رہائی کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے نام ایک الگ خط میں محمود احمد ساغر نے کشمیریوں کے نصب العین اور انکی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کرنے اسلامی تعاون تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔
واپس کریں