دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
چوہدری پرویز الٰہی پنجاب کے وزیراعلٰی نامزد اور عثمان بزدار کی چھٹی
No image وزیراعظم عمران خان اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے درمیان ملاقات میں پنجاب کے وزیراعلٰی عثمان بزدار سے استعفٰی مانگ لیا گیا اور وزیرِاعظم نے پرویز الٰہی کو اپنا وزارتِ اعلٰی کا امیدوار مقرر کر دیا تو ادھر قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بی اے پی کے چار ایم این اے متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دیں گے۔

صوبہ پنجاب کے حوالے سے پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب پیر کی صبح متحدہ حزبِ اختلاف کی جانب سے وزیرِاعلٰی عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی تھی۔ اس سے قبل اتوار کے روز حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ق لیگ کی قیادت سے ملاقات کی تھی۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے حوالے سے خبریں یہ آ رہی تھیں کہ ’ن لیگ اور ق لیگ کے معاملات طے پا گئے تھے‘ تاہم وزارتِ اعلٰی کی حکومتی پیشکش قبول کرنے کے ساتھ ہی ق لیگ کے کیمپ سے طارق بشیر چیمہ کھل کر سامنے آئے اور انھوں نے نہ صرف وفاقی کابینہ سے استعفٰی دینے کا اعلان کیا بلکہ تحریک عدم اعتماد میں وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف ووٹ دینے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔

ان کے اس اعلان کے بعد مقامی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ق لیگ کی قیادت میں چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے وزیرِاعظم کی پیشکش قبول کرنے پر اختلاف پایا جاتا تھا اور ’چوہدری شجاعت حسین اس فیصلے کے حق میں نہیں تھے‘ تاہم ق لیگ کے ترجمان غلام مصطفٰی ملک نے ایک پیغام میں ق لیگ میں اختلافات کی تردید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جماعت میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔ چوہدری شجاعت حسین کے اعتماد اور اجازت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں ہو سکتا۔‘

پیر کی رات تک سرکاری طور پر وزیرِاعلٰی پنجاب عثمان بزدار کا استعفٰی سامنے نہیں آیا تھا۔ ان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے اس حوالے سے سوال کا جواب نہیں دیا۔

تاہم سوال یہ ہے کہ کیا چوہدری پرویز الٰہی صوبہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کا انتخاب جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے؟ کیا وہ وزیرِاعظم عمران خان کی مرکز میں تحریکِ عدم اعتماد میں خاطر خواہ مدد کر پائیں گے؟ اور کیا بلوچستان کے اراکین اسمبلی ملک کے سیاسی منظر نامے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں؟
واپس کریں