دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کی6 نشستوں کے نتائج، نیشنل کانفرنس نے 2، بی جے پی نے 2اور 2آزاد امیدوار کامیاب
No image سرینگر( کشیر رپورٹ)مقبوضہ جموں وکشمیر اور لداخ میں بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی6 نشستوں پرہونے والے الیکشن میں نیشنل کانفرنس نے دو ، بی جے پی نے دو اور آزادامیدواروں نے دو سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ بھارتی جیل میں قید لیڈر انجینئر رشید نے بارہ مولہ پارلیمانی نشست پر عمر عبداللہ اور سجاد لون کو بھاری اکثریت سے شکست دی۔انجینئر رشید نے اپنے حریف عمر عبداللہ کو 2لاکھ 41ہزار ووٹوں سے ہرا کر ایک تاریخ رقم کی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اعداد وشمار کے مطابق انجینئر رشید نے بارہ مولہ پارلیمانی حلقے میں 4لاکھ 72ہزار 481ووٹ حاصل کرکے جیت حاصل کی۔ عمر عبداللہ نے دوسرے نمبر پر 2لاکھ 68ہزار 339ووٹ حاصل کئے جبکہ پیپلز کانفرنس کے سجاد لون نے 1لاکھ 73ہزار 239ووٹ حاصل کئے۔
نیشنل کانفرنس نے سری نگر اور اننت ناگ راجوری پارلیمانی نشست پر جیت حاصل کی۔ سری نگر پارلیمانی نشست پر این سی لیڈر آغا روح اللہ بڈگامی نے پی ڈی پی لیڈر وحیدالرحمن پرہ کو ایک لاکھ 88ہزار 416ووٹوں سے شکست دی۔آغا روح اللہ نے کل ملا کر 3لاکھ 56ہزار 866ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل امیدواروں جن میں وحید پرہ نے 1لاکھ 68ہزار 450اور اپنی پارٹی کے اشرف میر نے 65ہزار 954ووٹ حاصل کئے۔
راجوری اننت ناگ پارلیمانی نشست پر نیشنل کانفرنس کے امیدوار گوجر لیڈر میاں الطاف نے کامیابی حاصل کی۔ میاں الطاف نے نے کل ملا کر 5لاکھ 21ہزار 836ووٹ حاصل کئے جبکہ محبوبہ مفتی کو دو لاکھ 40ہزار 42ووٹ ملے۔
جموں صوبے سے بی جے پی نے دونوں پارلیمانی نشستوں پر جیت حاصل کی۔کزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے چودھری لال سنگھ کو ایک لاکھ 24ہزار ووٹوں سے ہرایا۔ جموں نشست پر جگل کشور نے کانگریس لیڈر رمن بھلا کو 1لاکھ 31ہزار 540ووٹوں سے شکست دی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق ادھم پور پارلیمانی نشست پر بی جے پی کے امیدوار ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کل ملا کر 5لاکھ 71ہزار 76جبکہ جگل کشور نے جموں سیٹ پر 6لاکھ 77ہزار 571ووٹ حاصل کئے۔
لداخ میں آزاد امیدوار حنفیہ جان نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس نشست پر جے پی کے تاشی گیالسن اور کانگریس کے سیرنگ نمگیال نے آزاد امیدوار کو ٹکر تو دی لیکن بعد ازاں جیت آزاد امیدوار کو ہی حاصل ہوئی۔حنیفہ جان نے کانگریس اور بی جے پی امیدواروں کو 28ہزار 616ووٹوں سے ہرایا۔

واپس کریں