دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزادکشمیر سے سیاسی جماعتوں کے کردار کو کوئی ختم نہیں کر سکتا البتہ بددیانت سیاسی قیادت کا خاتمہ ہو گا ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق
No image سماہنی(پی آئی ڈی) 3 جون 2024۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سے سیاسی جماعتوں کے کردار کو کوئی ختم نہیں کر سکتا البتہ بددیانت سیاسی قیادت کا خاتمہ ہو گا ۔ہم نظریاتی پاکستانی ہیں نظریہ الحاق پاکستان ہماری اساس ہے ۔عوام رابطہ مہم کا آغاز غیور لوگوں کی دھرتی سماہنی سے کیا ہے۔ آزادکشمیر میں کسی کو نظریاتی یا سیاسی تخریب کاری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جو ایسا کرے گا قانون اپنے راستہ خود بنائے گا ۔تباہ حال گورننس کے نظام کو ٹریک پر ڈال دیا ہے 10 ارب کی لاگت سے سوشل پروٹیکشن فنڈ قائم کر دیا ،5 ارب کی لاگت سے بیروزگاری ختم کرنے کیلیے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے جا رہے ہیں ۔ایک ارب کی لاگت سے طلبا و طالبات کیلیے تعلیمی وظائف کا فنڈ قائم کرنے جا رہے ہیں ۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جنڈی چونترہ میں استحکام پاکستان ریلی کے اختتام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور ،وزرا حکومت چوہدری اظہر صادق ،پیر محمد مظہر سعید ،چوہدری قاسم مجید ،چوہدری اکبر ابراہیم ،چوہدری شبیر برادران ،جام اظہر ایوب ،حاجی ذوالفقار ،چوہدری عبدالرزاق،چوہدری اصغر ،چوہدری رمضان ،راجہ اظہر ،ممبر نصر ،چوہدری رئیس ،چوہدری اظہر ،چوہدری طاہر ،چوہدری سبیر ،چوہدری وسیم ،راجہ عابد اسلم ،چوہدری عبدالقیوم ،چوہدری فریاد ،راجہ خالد ،چوہدری صابر ،چوہدری امین ،راجہ ذوالقرنین ،چوہدری نسیم ،چوہدری صدیق ،منیر اللہ ایڈووکیٹ ،طاہر اقبال ،راجہ شاہد رضا ،چوہدری فاروق ،چوہدری نواز ،چوہدری ذولفقار ،ٹھیکیدار چوہدری محمد شبیر موجود تھے ۔اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی چوہدری عبد الرزاق سمیت عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے وزیراعظم کے قافلے میں شمولیت اختیار کی ،وزیراعظم نے انہیں ہار پہنا کر خوش آمدید کہا ۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ استحکام پاکستان ریلی میں جس والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا اس پر آپ کا مشکور ہوں ،یہ عاشقی کے سودے ہیں سب میرے مالک کا کرم ہے اور سرکار دوعالم کی نظر عنایت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دھرتی کبھی بانجھ نہیں ہوتی مٹی کبھی بے حیا نہیں ہوتی ، ،منشیات فروشی ،تھانہ کچہری کی سیاست جیسے امراض کو ختم کریں اور آگے بڑھیں ،برداری ازم اور علاقائی ازم سے باہر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال کام نہ کرنے والے الیکشن کے قریب برداری ازم کو ہوا دیتے ہیں آپ نے ان کی باتوں میں نہیں آنا ،اب کام کرنا پڑے گا تب جا کر کچھ ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے سیاسی جماعتوں کے کردار کو کوئی ختم نہیں کر سکتا البتہ بددیانت سیاسی قیادت کا خاتمہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ عوام کیلیے کام کرنا پڑے گا ،سیاست سے گند ختم کرنا ہے تاکہ صحت مند معاشرہ نمو پائے ،سٹیج پر تمام سیاسی قیادت کے لوگ بیٹھے ہیں ،باتیں،تقریریں کر کر کے اور سپاسنامے پڑھ پڑھ کر تھک گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کارکردگی لیکر لوگوں میں آنا چاہتا تھا فیصلہ پھر آزادکشمیر کے عوام نے کرنا ہے ،سستی بجلی اور آٹے کے نام پر چند سیاسی یتیموں کی لاٹریاں لگ گئی تھیں اب میدان حاضر ہے آپ کو پورا آزادکشمیر گھوم کر بتائیں گے کہ سیاسی نظریہ کیا ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نظریہ الحاق پاکستان ہماری اساس ہے ہم نظریاتی پاکستانی ہیں میرے والد نے یہ نظریہ مجھے دیا میں اسے اپنی اگلی نسل میں منتقل کر کے جاں گا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسکی خفیہ ایجنسیاں آزادکشمیر میں افراتفری پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی عوام رابطہ مہم کا آغاز غیور لوگوں کی دھرتی سماہنی سے کیا ہے جس نے وہ بھارتی چیز ابی نندن پکڑ کر دیا تھا ان غیور لوگوں سے جو ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں کسی کو سیاسی اور نظریاتی افراتفری پیدا نہیں کرنے دیں گے جو ایسا کرے گا قانون کے مطابق سزا پائے گا ۔ شرپسند عناصر نے عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو یرغمال بنایا اور شرپسندوں نے افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی ،سیاسی بات کرو گے تو سیاسی میدان میں جواب دیں گے کسی کو بدمعاشی نہیں کرنے دیں گے پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سماہنی کے لوگوں کا مقروض ہوں ،اتحادی حکومت کی کارکردگی آزادکشمیر کے عوام کو بتاں گا کہ ایک سال میں کیا کیا ہے ۔ جب اقتدار سنبھالا تو آزادکشمیر اربوں کے قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا ،گورننس مکمل تباہ حال تھی ،منہ زور بیوروکریسی تھی ۔اللہ کے فضل سے ایک سال میں قانون کی حکمرانی قائم کی اور اپنی ذات سے احتساب شروع کیا ،وزیراعظم ہائوس میں 100 پوسٹیں تھیں سب ختم کردیں ، وزیراعظم ہائوس کا 64 کروڑ کا بجٹ 30 جون کو 31 کروڑ پر بند ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ کوئی صوابدیدی عہدہ نہیں ہے جس باپ کا بیٹا ہوں اس پر فخر ہے ،ٹیکس میں پندرہ ارب کا اضافہ ہوا یہ رقم آپ پر خرچ ہوگی ،آزادکشمیر میں کسی کے لئے موٹر سائیکل بھی نہیں خریدی گئی ایک پوسٹ تخلیق نہیں کی گئی ،بائیو میٹرک نافذ کیا ،سرکاری گاڑیوں کے ناجائز استعمال کو روکا ،ریاست میں آپ کے ٹیکس کے پیسے کی ایک پائی کسی کو کھانے کی اجازت نہیں دونگا ،سگریٹ مافیا ،ٹمبر مافیا ، آٹا مافیا سب کو نکیل ڈال دی گئی ،حرام کے دروازے بند کر دئیے ہیں شفاف نظام دیا ہے اور انشااللہ اس پر پہرہ دونگا ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کو ایک بہترین نظام کی طرف لے کر جا رہا ہوں ووٹ دینا آپ کے حق ہے اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی امیدواروں کو سلیکٹ اور ریجیکٹ کرنے کا حق آپ کا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نحوست سے جان چھڑانی ہے اور تعمیر وترقی کا دور واپس لانا ہے شرافت شائستگی کو واپس لانا ہے تو اسکا ایک راستہ ہے جس کا آغاز آپ نے پیر گلی سے جھنڈی چونترہ تک کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ایسا پبلک سروس کمیشن بنا دیا ہے جس میں اہلیت ہے اسکے گھر آرڈر پہنچے گا ،چئرمین اور ممبران پبلک سروس کمیشن کو بھی پتہ نہیں تھا وہ لگ رہے ہیں ۔این ٹی ایس میں انٹرویو کے نمبر ہی ختم کر دئیے تاکہ میرٹ کو فروغ دیا جائے ۔تھانے میں سہولت کار سیل بنا دئیے ہیں پٹواری کلچر کے خاتمے کیلیے ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں ۔بیروزگاری کے خاتمے کیلیے 5 ارب کی لاگت سے انڈومنٹ فنڈ قائم کر رہے ہیں ہنرمند نوجوانوں کو قرضے دیں گے تاکہ وہ اپنا روزگار شروع کر سکیں ۔معاشرے کے نادار اور یتیموں ،بیواوں اور معذوروں کیلیے 10 ارب کی لاگت سے فنڈ قائم کر دیا ہے ۔ایک ارب روپے کی لاگت سے طلبا کو تعلیمی وظائف دئیے جائیں گے ۔پیسہ بھی عوام کا خرچ بھی عوام پر ۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے استقامت کی دعا مانگیں ،وہ سیاسی کارکن ہوں جس کے والد محترم کا سیاسی سفر بھی پاکباز رہا ،ریاست کے ہر منصب پر فائز رہ چکا ہوں اب ایک ہی عشق ہے اور وہ عوام کی خدمت ہے اللہ پاک مجھے اس پر قائم رکھے ۔یہ سبز پنسل بہت بڑی ذمہ داری ہے ہر فائل پر دستخط کرنے سے پہلے سینکڑوں بار سوچتا ہوں کہیں اسکا بار میری اولاد پر نہ آ جائے ۔چوکی اور مضافاتی علاقے کڈیالے تک بجلی کا نظام بہتر کرنے کیلیے ساڑھے 6 کروڑ روپے کا اعلان کیا ۔پیر گلی کی سڑک کو جلد بہتر کرنے کا حکم دیا ہے ۔ 10 ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں ڈاکٹر پہنچا دئیے ہیں باقی جگہوں پر بھی حالات بہتر کئے جائیں گے ،آزادکشمیر کے ہسپتالوں کو ٹھیک کرونگا ریاستی باشندہ نہ ملے تو 5 لاکھ کا پیکج آفر کر رہے ہیں جو ڈاکٹر آزادکشمیر کے دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دے گا اسے پیکج دونگا اور اسکے لئے ریاستی باشندہ کی شرط بھی ختم کر دی ہے ۔اپ گریڈیشن جب سب کی کریں گے تو سماہنی کی بھی کریں گے ،گرلز ہائی سکول جنڈی چونترہ کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آپ جو نظریاتی تخریب کاری دیکھ رہے ہیں اس سے ذرا نہیں گھبرانا مودی کی ایسی کی تیسی اسکا ہر حربہ ناکام بنائیں گے ۔جو سہولتیں پاکستان نے آزادکشمیر کو دی ہیں بھارت مقبوضہ کشمیر میں وہ سہولتیں دے کر بتائے ۔ہمارے اجداد نے پاکستان کے سپاہی ہونے کا فیصلہ کیا تھا میں اس پر پہرہ دونگا مجھ سے بڑا پاکستانی کوئی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا میں آئین کے مطابق چلوں گا اس کے لئے میرے آبا و اجداد نے طویل جدوجہد کی اس کے پیچھے نسلوں کی مشقت اور جدوجہد شامل ہے اسے کسی کی آوارگی کی نذر نہیں ہونے دیں گے اب ہم نے آزادکشمیر بھر میں جانا ہے اور عوام کو آگاہ کرنا ہے فیصلہ پھر عوام کو کرنا ہے کہ وہ کیا چاہتے ہیں ،زلزلے اور سیلاب میں پاکستانی قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہوتی ہے ہمیں کون جدا کر سکتا ہے ہم ملکر رہیں گے اور ملکر آگے بڑھیں گے۔
استحکام پاکستان جلسے سے وزرا حکومت چوہدری اکبر ابراہیم ،پیر محمد مظہر سعید شاہ ،چوہدری قاسم مجید ،سابق امیدوار چوہدری عبد الرزاق ،چوہدری منیر اللہ ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر محمد یوسف نے بھی خطاب کیا ۔مقررین نے وزیراعظم کے کفایت شعاری اور گڈ گورننس کے اقدامات کو بے حد سراہا ۔انہوں نے کہا کہ سماہنی کے عوام نے وزیراعظم کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے اب آپ نے وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں ۔اس دوران جلسے کے شرکا پاکستان زندہ باد ،جیوے جیوے پاکستان اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگتے رہے ۔جلسہ گاہ کی چاروں جانب وزیراعظم کیلیے خیرمقدمی نعروں پر مشتمل بینرز بھی لگائے گئے تھے ۔
واپس کریں