دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وفاقی وزیر اور کشمیر امیر مقام کا دورہ مظفر آباد، ترقیاتی جائزہ اجلاس میں شرکت، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)31مئی2024۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان وسیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیر سے محبت ہر پاکستانی کے دل میں ہے، کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی مرضی کے مطابق ہونا چاہیے، اگر کشمیر محفوظ نہیں تو پاکستان محفوظ نہیں ہے ،ہمارے قائد میاں نواز شریف اور اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ہمیشہ کشمیر یوں کی بات کی، آزادکشمیر میں احتجاج کے واقات پر افسوس ہے، کشمیرکو نقصان ایک شخص کا نہیں پورے پاکستان کا نقصان ہے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو انکا بنیادی حق، حق خودارادیت دینے کی حمایت جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کی ترجیحات میں شامل سب سے اہم مسئلہ ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت مختلف دیگر عالمی فورمز پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور ہمیشہ کرتا رہے گا۔مظفرآباد مانسہرہ میرپور، منگلا ایکسپریس وے 173 کلو میٹر موٹروے کی کابینہ سے منظوری ہوگئی ہے- وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی محنت رنگ لارہی ہے ۔ قائد نواز شریف حکومت نے 2013 کے بعد جو منصوبے شروع کیے مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہونے کے بعد ان میں تسلسل نہ رہا۔جب بھی مشکل پیش آتی ہے خاکی وردی سب سے آگے ہوتی ہے ، آزادکشمیر میں ہولناک زلزلہ کے بعد پاک فوج مثالی کام کیا ، پاک فوج کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والے سامنے آئیں گے ، پی ٹی آتی حکومت کے قول و فعل میں تضاد تھا، لیڈر وہ ہوتا ہے جو قوم سے مخلص ہو۔آزادکشمیر کی ترقی کیلئے آئندہ مالی سال وفاقی حکومت 105 ارب روپے دیگی ، ترقیاتی بجٹ 25 ارب سے بڑھا کر 41 ارب کیاجارہا ہے ۔وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام مظفرآباد کے ایک نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سیکرٹری اطلاعات حکومت آزادکشمیر انصریعقوب خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ وزیرامور کشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں امن کے قیام پر سیاسی لیڈرشپ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکر گزار ہوں، انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے کشمیر کونسل کیمعاملات حل کیے گئے ہیں ، پی ٹی اے سے ساڑھے سات ارب روپے حکومت آزادکشمیر کو دیے گئے ہیں ۔ واٹریوزچارجز کے حوالے سے کمیٹی کام کررہی ہے جو بھی آزادکشمیر کا حصہ بنتاہے دیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تعریف کروں گا کہ 09 مئی کے واقعات کا حصہ نہ بنیں ۔گزشتہ سال نو مئی کو پاکستان کا نقصان ہوا۔ پاکستان کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے اور ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کی موجودہ حکومت نے آزاد کشمیر کی حکومت کو بھرپور مالیاتی وسائل فراہم کیے ہیں۔وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں کشمیر کونسل سے متعلق فنڈز، عملہ اور اثاثے آزادکشمیر حکومت کو منتقل کر دیے ہیں۔ ہمارے قائد میاں محمد نواز شریف کی آزاد کشمیر کے لوگوں سے محبت کا ثبوت ہے کہ انہوں نے2013 سے 2018 تک آزادکشمیر میں 100 ارب سے زیادہ کی میگا پراجیکٹس شروع کرائے اس کے علاوہ نیلم ہائیڈ پاور پراجیکٹس کیلئے بھی مطلوبہ فنڈز مہیا کیے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آذاد کشمیر کے ترقی کیلئے میاں محمد نواز شریف نے سی پیک میں آذاد کشمیر کے لیے میگا منصوبے شامل کرائے جن میں 1024 میگا واٹ کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 720 میگا واٹ کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ،مانسہرہ منگا میر پور ایکسپریس وے اور میرپور میں انڈسٹریل ذون کا قیام شامل تھے۔ لیکن بدقسمتی سے میاں محمد نواز شریف کی حکومت کے خاتمے کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے سی پیک کو تقریبا بند کر دیا تھا جس سے آزادکشمیر کے یہ تمام منصوبہ جات بھی متاثر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اگرسی پیک کے منصوبوں پر اسی رفتار سے کام جاری رہتا تو آج آذاد کشمیر کی معاشی حالت بھی یقینی طور پر بدل چکی ہوتی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی اے سے تقریبا 7.5 بلین روپے کے فنڈز حکومت آزادکشمیر کو منتقل کیے گئے ہیں۔ وفاقی سطح پر ایک بین وزارتی کمیٹی قائم کرتے ہوئے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر ایک دو طرفہ معاہدے پر دستخط کے لیے ڈرافٹ حتمی مرحلے میں ہے جس کا مقصد واٹر یوزچارجز، ماحولیاتی مسائل اور دیگر مسائل کو حل کرنا ہے۔ اسی طرح وزیراعظم پاکستان نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے دیگر مسائل کے حل کے لیے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دی ہیجس سے کشمیری عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں حکومت پاکستان نے آزادکشمیر سے متعلق جملہ مسائل کو حل کرنے کے لیے وزیر دفاع کی زیرقیادت ایک اعلی سطحی بین وزارتی کمیٹی تشکیل دی تھی جو مسائل کو حل کرنے میں کافی کامیاب رہی ہے۔ حال ہی میں حکومت پاکستان نے آزادکشمیر کی حکومت کو واجبات اور سبسڈی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے 23 بلین روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ جن سے یہاں کے عوم کو بجلی اور گندم پر سبسڈی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آزاد کشمیر کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اضافہ کرکے آزادکشمیر کے عوام اور حکومت کی حمایت کا بھی عہد کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان وسیفران انجینئر امیر مقام نے جمعہ کے روز مظفرآباد میں PSDPکے آزادکشمیر سے متعلقہ منصوبہ جات پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کو آئندہ مالی سال میں مطلوبہ فنڈز فراہم کریں گے۔ وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت آزادکشمیر میں جاری تمام منصوبہ جات کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے تاکہ انکے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔ اس حوالہ سے اگر کسی منصوبہ کی تکمیل میں کوئی مسئلہ درپیش ہے تو اسکی تفصیل وزارت امور کشمیر کے ساتھ شیر کریں تاکہ اسکا حل نکالا جا سکے۔مانسہرہ مظفرآباد ایکسپریس وے ایک اہم منصوبہ ہے جسکی افادیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ اس منصوبہ پر بروقت کام شروع کروائیں گے تاکہ عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
آزادکشمیر کے سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عامر لطیف اعوان نے اس موقع پر وفاقی وزیر کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی عمل، PSDP اور آزادکشمیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاریہ منصوبہ جات، ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لیے درکار ڈویلپمنٹ فنڈز کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں وفاقی سیکرٹری وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان جواد رفیق ملک، سیکرٹری مالیات لیفٹیننٹ ریٹائرڈ اسلام زیب، سیکرٹری صحت عامہ بریگیڈیئر عرفان احمد، سیکرٹری سماجی بہبود ارشاد احمد قریشی، سیکرٹری، سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ظہیرالدین قریشی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کو آمدہ بجٹ میں اسکا پورا حصہ دیگی۔ آزادکشمیر میں انفاسٹرکچر کی بہتری کے تمام منصوبہ جات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ جب تک انفاسٹرکچر بہتر نہیں ہوتا ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے جن ترقیاتی منصوبوں کے وفاقی وزارتوں سے متعلق مسائل ہیں انکی تفصیل اور حل کے لیے تجاویز تیار کر کے لائیں مسائل حل کروائیں گے تاکہ منصوبہ جات کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کو خواہاں ہے۔ ہمیں کشمیر کی اہمیت کا احساس ہے جس حد تک ممکن ہوا آزادکشمیر کے مالیاتی مسائل حل کریں گے۔

واپس کریں