دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور اسٹیبلشمنٹ کے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار کی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی) 15 مئی 2024۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ 3 ارب روپے کی لاگت سے بے روزگاری کے خاتمے کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کریں گے جس کے تحت آزادکشمیر کے ہنرمند نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔پاکستان کے معاشی مسائل کے باوجود وفاقی حکومت نے 23 ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا. صدر پاکستان آصف علی زرداری, وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور اسٹیبلشمنٹ کے شکر گزار ہیں۔ کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے. کشمیریوں کا پاکستان سے مضبوط اور لازوال رشتہ ہے جو ہماری آنے والی نسلوں تک رہے گا. الحاق پاکستان ہماری منزل ہے. آزادکشمیر پرامن خطہ ہے اور اس کو فضا کو خراب نہیں ہونے دیں گے. ہم نے ملکر ریاست کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے کردار ادا کرنا ہے اور شرپسند قوتوں کو روکنا ہے. انارکی پھیلانے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا. روشن پاکستان کو اندھیروں میں کرنے کی مودی کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے. جب تک ہوں اپنے اسلاف کے نظریئے پر کسی بھی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے. ایکشن کمیٹی کو عوامی تحریک کی کامیابی پر شکر ادا کرنا چاہیے.
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے مظفرآباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور، وزرا حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبدالوحید،احمد رضا قادری، عبدالماجد خان،راجہ محمد صدیق، چوہدری محمد اسماعیل، ظفراقبال ملک، دیوان علی خان چغتائی، محمداکمل سرگالہ،جاوید بٹ، چوہدر ی اظہر صادق،سردار میر اکبر نثار انصر ابدالی، چوہدری قاسم مجید،عاصم شریف،سردار جاوید ایوب، چوہدری اخلاق،اکبر ابراہیم، محترمہ امتیاز نسیم، پروفیسر تقدیس گیلانی،چیئرمین وزیر اعظم معائنہ وعلمدرآمد کمیشن پیر مظہر سعید شاہ،مشیرحکومت نثارہ عباسی،معاونین خصوصی صبیحہ خانم، نبیلہ ایوب بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوامی اور ریاستی مفادات کے لئے ملکر کام کریں گے. آزادکشمیر کی پرامن فضا کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے چند عناصر ہیں ایسے لوگوں کو ناکام بنانا ہے. انہوں نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر میں 16 ارب روپے خرچ کئے گئے 16 روپے کی کرپشن ثابت کریں. صحت عامہ, تعلیم, برقیات, ٹورازم میں بجٹ خرچ ہوا کسی بھی جگہ کرپشن کی نشاندہی کریں. انہوں نے کہا کہ سوشل پروٹیکشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت آزادکشمیر کے پسے ہوئے طبقات کی کفالت کی جائے گی اور عنقریب بے روزگاری کے خاتمے کیلئے انڈوومنٹ فنڈ قائم کریں گے جس کے تحت آزادکشمیر کے ہنرمند نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے تاکہ وہ اپنا کوئی روزگار حاصل کر سکیں. اس کے لئے ابتدائی طور پر 3 ارب روپے مختص کریں گے. وزیراعظم نے کہا کہ جب تک قلم میں اختیار ہے آزادکشمیر کے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا. انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک میں انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس ہے. اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تاریخی پیکیج دیا. چند عناصر پرامن خطہ میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں انہیں ملکر ناکام کرنا ہے. انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی پیکیج دیا ہے. وزیر حکومت فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ریاستی مفادات کے لئے ملکر کام کرنا ہوگا. انہوں نے کہا کہ کسی کی بھی ہار جیت نہیں ہے ریاست کی کامیابی اور مفادات کے لئے مل کر کام کریں گے۔
واپس کریں