دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ جموں و کشمیر ، انڈین ایئر فورس کے قافلے پہ حملہ، ایک ہلاک4زخمی، پونچھ ضلع میں فوجی آپریشن
No image جموں( کشیر رپورٹ)مقبوضہ جموں وکشمیر میں ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں انڈین ایئر فورس کے قافلے پہ حملے میں ایئر فورس کا ایک فوجی ہلاک، چار زخمی، حملے کے بعد پونچھ ضلع کے وسیع علاقوں میں فوج کا آپریشن شروع، فوجی آپریشن میں، ایس او جی اور پیرا کمانڈوز بھی شامل، سراغ رساں کتوں، ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹربھی استعمال۔ تفصیلات کے مطابق انڈین ایئر فورس کی گاڑیوں کے قافلے پر حملے میں 1 فوجی ہلاک، 4 زخمی ہوگئے۔ حملہ اس وقت ہوا جب ہفتہ کی شام IAF کا ایک ٹرک جاراں والی گلی سے شاستر جا رہا تھا۔ہفتہ کی شام پونچھ ضلع کے شاستر میں آئی اے ایف کی گاڑیوں کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا جس میں ہندوستانی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ایک سپاہی ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔حملے کے بعد گھنے جنگلات اور ملحقہ علاقوں کے مختلف حصوں میں ایک بڑے پیمانے پر کورڈن اینڈ سرچ آپریشن (CASOs) شروع کیا گیا۔ حملے کی جگہ سے کچھ فاصلے پر واقع ایک فوجی کیمپ کے فوجی اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی جب کہ گاڑی سے کچھ فوجیوں نے بھی جوابی کارروائی کی۔کمک موقع پر پہنچائی گئی اور پانچوں زخمیوں کو قریبی فوجی طبی سہولت میں منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں، پانچوں زخمیوں کو ہوائی جہاز سے اعلی طبی سہولت کے لیے لے جایا گیا، جہاں ان میں سے ایک نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔فوج اور پولیس کے اعلی افسران حملے کی جگہ پر پہنچ گئے جبکہ بھاری نفری بھی بھیجی گئی۔ پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی شروع کر دی گئی۔
فوج کے مطابق جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں ہندوستانی فضائیہ کے قافلے پر حملے کے بعد فوج، پولیس ، ایس او جی اور پیرا کمانڈوز نے ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پونچھ کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں ہندوستانیہ فضایہ (آئی اے ایف)کے قافلے پر دہشت گرد حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کی صبح ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن لانچ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سراغ رساں کتوں، ڈرون کیمروں اور ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی گئی ہے تاکہ جلدازجلد حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف کے سینئر آفیسران آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگلی علاقے میں جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ حملے کے بعد پونچھ ضلع میں جگہ جگہ عارضی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں سیکورٹی فورسز کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ ان کے مطابق حملہ آوروں کو تلاش کرنے کی خاطر اضافی اہلکاروں کی بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پونچھ میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
واپس کریں