دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
میر پور KFC پر حملے کی شدید مذمت، انکوائری اور شرپسندوں کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ۔میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکا اجلاس
No image میرپور(پی آئی ڈی)یکم اپریل 2024۔ میرپور میں KFC پر ہونے والے واقعہ کی مذمت کرنے کے حوالہ سے میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکا اجلاس صدر چیمبر صابر حسین شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں میرپور چیمبر آف کامرس کے سینئر عہدیداران، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی اور سابق صدور و عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے گزشتہ دنوں میرپور میں شرپسندوں کی جانب سے KFC برانچ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی ۔ قرارداد میں کہا گیا کہ یہ اجلاس KFC کی میرپور برانچ پر حملہ کر کے کروڑوں روپے کا نقصان کرنے ،سینکڑوں ملازمین کو ہراساں اور زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں حکومت آزادکشمیر اور میرپور کی ضلعی انتظامیہ سے واقعہ کی انکوائری کر کے ملوث تمام کرداروں کو سامنے لانے اور انہیں قرار واقعی سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ آئندہ کوئی شرپسند اس طرح کی کارروائی کرنے کی جسارت نہ کر سکے ۔ قرارداد میں حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا گیا کہ KFC پر ہونے والے حملے سے میرپور کے بین الاقوامی اور پرامن شہر کی حیثیت کے امیج کو متاثر کرنے اور اوورسیز کشمیریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں ملوث کرداروں کو فوری سزا دی جائے ، اس شرپسندانہ کارروائی سے میرپور کے صنعتکار اور تاجروں میں خوف و ہراس پیدا ہوا ہے جبکہ کاروباری لوگ عدم تحفظ کا شکار ہوئے ہیں۔ کاروباری طبقہ کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے حکومت فوری طور پر ایسے اقدامات اٹھائے جس سے کاروباری طبقہ کا اعتماد بحال ہو سکے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ متاثرہ کاروباری ادارے کے نقصان کا فوری تخمینہ لگا کر نقصان کا معاوضہ دیا جائے۔

واپس کریں