دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
امریکہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوا رالحق سے امریکی صدر بائیڈن کے ثقافتی مشیر شاہد احمد خان کی ملاقات
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی) یکم فروری 2024۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے امریکی صدر کے ثقافتی مشیر شاہد احمد خان نے جموں کشمیر ہاس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ان سے بات چیت کرتے ہوے کہا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حق خودارادیت کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کا یہ حق اقوام متحدہ نے بھی تسلیم کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا کے اس دیرینہ تنازعے کو حل کرانے کیلیے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نو لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کسی صورت بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔انہوں نے امریکی مشیر کو مقبوضہ کشمیر میں حریت قائدین کی حراست ،جبری گمشدگیوں ،نہتے شہریوں پر تشدد سے بھی آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے زلزلے کے دوران آزادکشمیر میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں کلیدی کردار ادا کیا جسے کشمیری عوام نے آج بھی یاد رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی یونیورسٹیوں میں کشمیری طلبا امریکی تعلیمی وظائف سے بھی استفادہ کرتے ہیں جس سے انہیں امریکی ثقافت کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے تحت آزادکشمیر میں ترقیاتی منصوبوں میں بھی امریکی حکومت کا کردار نمایاں ہے جسے ہم سراہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ انٹرکشن سے ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے اور مواقع پیدا ہوتے ہیں ۔امریکی مشیر ثقافت نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے امریکی صدر کے مشیر ثقافت کو یادگاری شیلڈ بھی دی۔
واپس کریں