دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار کی وزیر دفاع کے ساتھ وفاقی بین الوزارتی کمیٹی اجلاس میں شرکت، آزادکشمیر سمال انڈسٹریز کا بجٹ اجلاس،وزیر اعظم آزاد کشمیر سے چیئر مین پبلک سروس کمیشن کی ملاقات
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی) 17 جنوری 2024۔آزادجموں و کشمیر کے جملہ مالی و انتظامی معاملات کے حوالے سے وفاقی بین الوزارتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق اور نگران وفاقی وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل(ر) انور علی حیدر کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا ۔اجلاس میں وفاق کے اعلی حکام ،موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور ،وزرا حکومت عبدالماجد خان ،چوہدری قاسم مجید چوہدری ارشد حسین اور چیف سیکرٹری داد محمد بڑیچ نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران ہائیڈرل ایشوز سمیت مالی و انتظامی معاملات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیرصدارت آزادکشمیر سمال انڈسٹریزکے بورڈ آف ممبرز نے کارپوریشن کا 4 کروڑ 56لاکھ 50 ہزار روپے کا بجٹ منظور کر لیا. اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان, سیکرٹری صنعت, سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات, سپیشل سیکرٹری مالیات, ایم ڈی سمال انڈسٹریز کے علاوہ صدرچیمبرز آف کامرس میرپور, مظفرآباد اور صدر بنک آف اے جے کے نے شرکت کی. وزیراعظم آزاد کشمیر نے ٹیوٹا, سمال انڈسٹریز, سوشل ویلفیئر, ویمن ڈویلپمنٹ میں اصلاحات لانے کیلئے سیکرٹری انڈسٹریز کی سربراہی میں متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور سپیشل سیکرٹری مالیات پر مشتمل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے.کمیٹی ان اداروں میں اصلاحات تجویز کرتے ہوئے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی. وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزادکشمیر بھر میں دستکاروں کی لسٹ فراہم کی جائے تاکہ حکومت کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی کے بعد ان کی رجسٹریشن کاعمل مکمل ہو سکے. وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ حکومت نے اخوت کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کو قرضے کی فراہمی کیلئے کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے. وزیراعظم نے کہا کہ کارپوریشن لوکل کاٹیج انڈسٹری کی فعال کرنے کے لیے اقدامات کرے. وزیراعظم نے کہا کہ گھریلو دستکاری پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ بے روزگاری میں کمی لائی جا سکے. وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپر ماشی ، قالین بانی، شال بانی، ووڈ کار ونگ کے ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنے لئے روزگار پیدا کرسںکیں۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن اپنی آمدن میں اضافے اور اخراجات میں کمی کے لئے اقدامات کرے.

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے چیئرمین پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) ہدایت الرحمان نے جموں کشمیر ہاس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم نے انہیں چیئرمین پی ایس سی کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن پر نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنا آپ کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے آپ کشمیر کے نوجوانوں کو میرٹ کی بالادستی دیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کو حقیقی معنوں میں فعال بنائیں،اللہ پاک آپ کا حامی و ناصر ہو ۔انہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ کی بالادستی کیلیے آپ کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔چئیرمین پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) ہدایت الرحمان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے اعتماد کا شکریہ ،انشااللہ آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
واپس کریں