دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
اتحادی حکومت اپنا کام کر رہی ہے ، کسی کو نئے انتخابات کا شوق ہے تو آئینی تقاضے پورے کرے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوا ر الحق
اسلام آباد(پی آئی ڈی )8 دسمبر 2023۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں سیاسی استحکام کے نتیجے میں اتحادی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اور ترقیاتی کاموں میں تسلسل کیلیے پوری طرح متحرک ہے ۔کسی کو نئے انتخابات کا شوق ہے تو آئینی تقاضے پورے کرے بیانات دینے سے تو انتخابات نہیں ہو سکتے ۔آزادکشمیر کے عوام اور ممبران اسمبلی کا منتخب نمائندہ ہوں پوری تندہی سے عوام کی خدمت کروں گا ۔عوامی وفد سے باتیں کرتے ہوے وزیراعظم نے کہا کہ بعض لیڈروں کو عوامی جذبات سے کھیلنے کا شوق ہوتا ہے اور کچھ خبروں میں زندہ رہنے کیلیے لایعنی باتیں کرتے رہتے ہیں حالانکہ عوام کو ان سب کا پتہ ہے کہ انہوں نے اپنے اپنے دور حکومت میں عوام کیلیے کیا کیا ۔انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے آزادکشمیر میں سیاسی استحکام ہے ،پارلیمانی نظام کے تحت اتحادی حکومت اپنا کام کر رہی ہے ریاست کے تمام ادارے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوے اپنے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو نئے انتخابات کا شوق ہے تو وہ آئینی تقاضے پورے کرے اور اپنا شوق پورا کر لے کسی کی ذاتی خواہش پر نظام کو ڈی ریل نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں ریاست بھر کیلیے منصوبوں کی منظوری دی ہے اس میں خاص طور پر پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دی گئی ہے تاکہ انہیں ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جا سکے ۔وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کا ہر حلقہ میرا حلقہ ہے سب کو مساوی بنیادوں پر فنڈ دیں گے تاکہ عوام کو سہولتیں دی جا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کی ترقی میری اولین ترجیح ہے عوام کی سہولت کیلیے اداروں کو متحرک کیا ہے ،ایسے اداروں کے افراد جو عوام کے حقوق کا خیال نہیں رکھتے کو گھر بھیجا جا رہا ہے عوام کے ٹیکس کے پیسے کا مصرف احسن انداز میں یقینی بنا رہے ہیں گھر بیٹھے کسی کو تنخواہ نہیں دی جا سکتی یہی وجہ ہے کہ قانون سب پر لاگو کیا جا رہا ہے ہر شخص کو اپنے ہونے کی جوازیت دینا ہو گی عوام کی ٹیکس کے پیسے سے کسی کو عیاشی نہیں کرنے دونگا سب کو کام کرنا ہو گا اسی سے ریاست ترقی کرے گی اور عوام خوشحال ہونگے۔وفد نے وزیراعظم کے گڈ گورننس کے اقدامات کو سراہا۔
واپس کریں