دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ترجمان در ترجمان ، ترجمان کا ترجمان ٹکر گیا ، '' آئینہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے'' ، آزاد کشمیر حکومت کے ترجمان عبدالماجد خان کے'' ترجمان'' کا بیان
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)7دسمبر2023۔وزیر خزانہ عبدالماجد خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ تسلسل کے ساتھ جھوٹ بولنے والے بلکہ نان ایشوز پر بے وقت کی راگنی الاپنے والوں کو ترجمان حکومت عبدالماجد خان ا ن کو اپنے کردار کی جانب توجہ دلارہے ہیں نہ کہ کسی شاہ کی وفاداری اور نوکری پکی کر رہے ہیں۔ترجمان حکومت اپنی آئینی/تفویض شدہ حکومتی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔کرپشن کے الزامات تو ہر ایک پر لگائے جاتے ہیں، الزام کی تائید میں کوئی ثبوت آج تک پیش نہ کرنے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں، کسی دوسرے پر کیچڑ اچھالنے سے گریزکرنا چاہیے۔ سابق سینئر وزیرچوہدری طارق فاروق کے کردارسے بھمبر شہر کے علاوہ پوری ریاست کے عوام بخوبی آگاہ ہیں۔ترجمان حکومت کی جانب سے صراحت کے ساتھ اس بات کا متعدد مرتبہ اعادہ کیا جاتا رہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مثالی سیاسی اتحاد کی شکل میں نہایت احسن طریقہ سے حکومتی امور چلائے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیرکے صدر کی جانب سے اتحادکے بارے میں پالیسی بیان کے بعد شکست خوردہ عناصر حقائق کا سامنا کرنے اورپوچھے گئے سیاسی سوالات کے جواب میں نام نہاد ترجمانوں کے ذریعے کردار کشی پر اتر آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ عبدالماجد خان ایک وضع دار خاندانی پس منظر رکھنے والے سیاسی گھرانے کے چشم و چراغ ہیں۔ انکے دادا خان عبدالحمید خان ریاست کے صدر اور پہلے وزیر اعظم کے منصب پر فائز رہے ہیں۔ انکے والدین عبدالوحیدخان،شیریں وحید آزاد کشمیر کی عملی سیاست میں وضع داری اور شائستگی کی اعلی روایات کے امین رہے، اپنے اجداد کی قائم کردہ انہی روایات کو عبدالماجد خان نے عملی سیاست میں شمولیت کے بعد روا رکھا اور انشااللہ آخری دم تک وہ اخلاقیات اور وضع داری کی روایات پر قائم رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اخلاق سے گری باتیں کرنے والے بدنامی کے کوڑے دا ن کا مقدر ہوتے ہیں۔سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کے ترجمان کی جانب سے اخبارات میں شائع شدہ بیان کا رد عمل دیتے ہوئے عبدالماجد خان کے ترجمان نے شعر کی صورت میں جواب دیا کہ عیب ہر شخص میں ڈھونڈ رہے تھے جو لوگ آئینہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے۔
عبدالماجدخان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ موصوف آزاد کشمیر کابینہ میں وزارت خزانہ کے منصب پر فائز ہیں۔ علاوہ ازیں بینک آف آزاد جموں کشمیر کے چیئرمین کے منصب پر بھی وزیر اعظم نے ان کی صلاحیتوں کو مد نظر رکھ کر فائز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے انھیں اس منصب سے الگ کیا تھا تب ثبوت سامنے لائے جاتے لیکن اب پردے کے پیچھے چھپے غازی صاحب جو بذات خود کرپشن کی جیتی جاگتی تصویرہیں،کردار کشی کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان پر تنقید کرنے والے لاجواب ہوگے ہیں۔عبدالماجد خان کے ترجمان کے مطابق وزیر خزانہ عبدالماجد خان جب تک ترجمان حکومت کے منصب پر فائز رہیں گے، وہ آئینی سربراہ وزیر اعظم چوہدری انوارالحق اور اتحادی حکومت کی پالیسیوں کے تحفظ اور حکومت کی ترجمانی پورے اعتماد اور بھرپور انداز میں کرتے رہیں گے۔ انھوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر پر ذاتی حملے محض حسد اور شکست کے سوا کچھ بھی نہیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔
واپس کریں