دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومتی کمیٹی سے مزاکرات کے لئے گرفتار شدگان کی رہائی،مقدمات کی واپسی اور گرفتار افراد پہ تشدد، تضحیک کرنے والے اہلکاران کے خلاف کاروائی کی شرط عائید کر دی۔ چیئرمین کمیٹی فیصل راٹھور کے نام شوکت نواز میر کا مکتوب
No image

مظفر آباد ( کشیر رپورٹ)آزاد کشمیر کی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومت کی طرف سے مزاکرات کے لئے تشکیل کردہ کابینہ ارکان کمیٹی کے چیئر مین کو مزاکرات کی دعوت دینے پہ شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے جوابی مکتوب میں کہا ہے کہ مزاکرات کے لئے سازگار ماحول کا قیام ضروری ہے اور اس کے لئے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران قائم مقدمات واپس لئے جائیں اور دوران حراست گرفتار مظاہرین کی تضحیک کرنے والے اہلکاران کے خلاف تحت ضابطہ کاروائی عمل میں لائی جائے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کی طرف سے ایکشن کمیٹی کے ممبر شوکت نواز میر نے12اکتوبر کو حکومت کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی کے چیئرمین فیصل راٹھور کے نام اپنے جوابی مکتوب میں کہا ہے کہ کابینہ کمیٹی کے چیئرمین کی طرف سے گفت و شنید کی دعوت خوش آئند ہے ، عوامی مسائل کا حل اچھے ماحول میں مل بیٹھ کر گفت و شنید کے ذریعے ہی ہو سکتا ہے۔مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 5ماہ سے جاری پرامن عوامی حقوق کی تحریک کے دوران ہمارے بے شمار ممبران پر من گھڑت ایف آئی آرز درج ہیں اور اس دوران بے شمار گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں جس کا سب سے قابل افسوس پہلو یہ ہے کہ کچھ گرفتار شدگان پر بعد ازاں گرفتاری تشدد کے علاوہ ان کی تضحیک و تذلیل کی گئی۔اس لئے ہم سمجھتے ہیں کہ بات چیت کے لئے ایک اچھے اور سازگار ماحول کو ممکن بنانے کے لئے جذبہ خیر سگالی کے تحت پچھلے5ماہ کے دوران قائم کئے گئے تمام مقدمات واپس لئے جائیں اور ساتھ ہی گرفتار شدگان پر دوران حراست تشدد اور ان کی تضحیک کرنے والے اہلکاروں کے خلاف تحت ضابطہ کاروائی کی جائے تاکہ ہم ایک اچھے ماحول میں بیٹھ کر آپس میں گفت و شنید کا آغاز کر سکیں اور عوام الناس کے لئے کسی آسانی کا باعث بن سکیں۔شوکت نواز میر نے چیئرمین حکومتی کمیٹی فیصل راٹھور سے امید ظاہر کی کہ وہ مسائل کے حل کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے اور اس معاملہ کو فوی نبٹائیںگے تاکہ ہمارے درمیان بامقصد اور بامعنی گفت و شنید کا عمل فوری طور پر شروع ہو سکے جس کے لئے ہم نے اپنی مزاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
واپس کریں