دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
لاہور میں مقیم ضلع بھمبر کے معذور مصور عمر جرال کو سعودی عرب کے سفیر کی طرف سے عمرے کے ٹکٹ کا تحفہ، وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق کی عمر جرال کے معذور خاندان سے زیادتی
No image اسلام آباد( کشیر رپورٹ) لاہور میں مقیم آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر سے تعلق رکھنے والے معذور مصورر عمر جرال کو سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر بنانے پہ انہیں عمرے کا ٹکٹ تحفے میں دیا ہے۔ یہ خبر عرب میڈیا میں بھی شائع ہوئی ہے ۔33 سالہ عمر جرال دماغی فالج (سی پی) میں مبتلا ہیں اور وہ دوسروں سے بات چیت کے لیے کمپیوٹر کا استعمال کرتے ہیں۔عرب میڈیا نے مزید بتایا کہ عمر جرال نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دنیا بھر کے مسلم رہنماں کی تصویریں بنائی ہیں جس میں متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد اور ترک صدر رجب طیب اردون شامل ہیں۔لاہور میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی عمر جرال سے ملاقات سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں ہوئی۔
واضح رہے کہ عمر جرال کے مزید تین جواب بھائی بہن بھی اسی بیماری کی وجہ سے معذوری کا شکار ہیں۔ چار معذور افراد کے اس خاندان نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا تھا کہ وزیر اعظم چودھری انوا ر الحق کے ضلع بھمبر میں ان کی آراضی پہ ناجائز قبضہ ہے اور متعلقہ محکمے نے ناجائز طور پر ان کی آراضی بعد ازاں کسی اور کے نام کر دی ہے جو قانون کی رو سے غلط ہے۔ وزیر اعظم چودھری انوار الحق نے سوشل میڈیا پہ معاملہ مشتہر ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر کو رپورٹ دینے کو کہا اور اسسٹنٹ کمشنر نے معاملے سے متعلق اپنی رپورٹ وزیر اعظم چوھری انوا ر الحق کو دے دی لیکن اس کے بعد وزیر اعظم چودھری انوا ر الحق نے چپ سادھ لی اور مظلوم معذور خاندان کی داد رسی نہیں کی۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم چودھری انوا ر الحق آئے روز اپنے بیانات میں مظلوم شہریوں کی آواز بننے اور انصاف ان کی دہلیز تک پہنچانے کے دعوے کرتے ہیں لیکن عملی طور پر یہ حال ہے کہ ان کے اپنے ضلع بھمبر کے مظلوم معذور خاندان کو انصاف فراہم کرنے میں وزیر اعظم چودھری انوار الحق کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

واپس کریں