دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
افغانستان کی پا کستان میں حملے کرنے والے عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کو بے اثر کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی۔ افغان وزیر خارجہ کی پاکستان کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات
No image اسلام آباد ( کشیر رپورٹ)افغانستان کی طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے جمعرات کو کابل میں پاکستان کے اعلی سطحی وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت نے پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں کو بے اثر کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ پاکستانی وفد کی قیادت افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے آصف درانی نے کی جس میں اعلی فوجی حکام بھی شامل ہیں۔
' وائس آف امریکہ ' کے مطابق یہ دورہ پاکستان میں سیکورٹی فورسز کے خلاف مہلک حملوں میں اضافے کے درمیان ہوا ہے۔کالعدم تحریک طالبان پاکستان، یا ٹی ٹی پی نے زیادہ تر تشدد کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کے رہنماں اور افغانستان میں پناہ گزین جنگجوں نے دو سال قبل کابل میں دوبارہ اقتدار سنبھالنے کے بعد سرحد پار سے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے۔گزشتہ سال ٹی ٹی پی کے تقریبا روزانہ حملوں میں سینکڑوں پاکستانی پولیس اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔پاکستانی وفد کی طرف سے افغان حکام کو بتایا گیا کہ ٹی ٹی پی کا پاکستان کے خلاف افغان سرزمین کا استعمال اسلام آباد کے لیے ایک سنگین تشویش کا باعث ہے۔ طالبان حکام نے "ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں کو بے اثر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔"اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تقریبا 2600 کلومیٹر طویل سرحد پر سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے "باقاعدہ مشاورت" کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اگرچہ پاکستانی حکام نے بات چیت کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی ہیں تاہم افغانستان کی طالبان حکومت کے دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو ایسے عوامی بیانات دینے سے گریز کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو باہمی عدم اعتماد کو ہوا دیں۔طالبان کے سربراہ نے کہا کہ کسی کو بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
' وائس آف امریکہ' کے مطابق پاکستانی حکام نے پہلے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے طالبان حکام کے ساتھ "ویڈیو شواہد" اور مشتبہ افغان طالبان جنگجوں کی لاشیں شیئر کیں جو حالیہ ہائی پروفائل "دہشت گرد" حملوں میں ٹی ٹی پی کے عسکریت پسندوں میں شامل ہوئے اور سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے۔امریکہ نے ٹی ٹی پی کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔گروپ کی قیادت نے عوامی طور پر افغان طالبان کے سب سے اعلی رہنما، ہیبت اللہ اخوندزادہ کی وفاداری کا عہد کیا ہے۔
افغانستان کے بارے میں امریکہ کے خصوصی نمائندے ٹام ویسٹ نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ ٹی ٹی پی ہے، ہم نے پاکستان پر حملوں میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا ہے،ٹی ٹی پی جنگ کے دوران طالبان کے اتحادی بن گئے، وہ مالی معاون، لاجسٹک معاون اور آپریشنل اتحادی بھی تھے، میرے خیال میں ان کے درمیان تعلقات کافی سخت ہیں۔واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

واپس کریں