دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کی زیر صدارت آزاد کشمیر کابینہ اجلاس میں منظور قرار دادیں
No image مظفرآباد۔وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں۔ قراردادوں میں آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی فوجی محاصرے،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں،نافذ جملہ کالے قوانین،حریت قیادت کی بلا جوازگرفتاریوں،شہریوں کے ماورائے عدالت قتل،میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر پابندیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم بندکروائے اور مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے کردار ادا کریں ۔
قراردادوں میں وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کے خلاف لاہور کے ایک تھانہ میں درج کیے جانے والے ریاست پاکستان سے غداری اور بغاوت کے الزام پر قائم مقدمہ کی بھرپور مذمت کی گئی۔قرارداد میں وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت میں آزاد خطہ کے عوام کی بے لوث خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
قراردادوں کہا گیا کہ اجلاس گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھو ںنامور وکیل بابر قادری ایڈووکیٹ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تحریک آزادی کشمیر اور طاقت کے زور پر کچلنے کی مذموم کارروائی قراردیتا ہے۔ اجلاس یہ بھی سمجھتا ہے کہ ہندو ستان کے اس طرح کے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر نہ کبھی ماضی میں سرد ہوئی ہے اور نہ اب ہوگی۔آزادی کے متوالے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی تک اسی طرح اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے۔
ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس جنگ بندی لائن کے قریب بسنے والے نہتے شہریوں پر ہندوستانی فوج کی آئے روز بلااشتعال جارحیت کی شدیدمذمت کرتا ہے اور دفاع وطن کی خاطر جانی و مالی قربانیاں دینے والے نہتے ریاستی عوام اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے والے پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہے۔ اجلاس وزیرستان میں شہید ہونے والے آزادکشمیر کے قابل فخر سپوت لیفٹیننٹ ناصر خالد شہید کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے جس نے اپنی جان وطن عزیز پر قربان کر دی ہے۔ اجلاس افواج پاکستان کی جانب سے دفاع وطن اور ملک میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے ۔
ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کے خلاف لاہور کے ایک تھانہ میں درج کیے جانے والے ریاست پاکستان سے غداری اور بغاوت کے الزام پر قائم مقدمہ کی بھرپور مذمت کرتا ہے ۔یہ مقدمہ ریاست پاکستان اور کشمیریوں کے لازوال رشتے کو کمزورکرنے کی مذموم سازش ہے ۔اس مقدمے کی وجہ سے جہاں اندرون ملک آئین کے پابند اور جمہوریت پسند عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے وہیں آزادکشمیر ، مقبوضہ جموں وکشمیر اور بیرو ن ملک لاکھوں کشمیریوں میں اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے ۔ اس مقدمہ سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ یہ مقدمہ پاکستان کے مفاد کو نقصان پہنچانے کا سبب ہے جو ناعاقبت اندیش عناصر کے ذہنوں کی اختراع ہے ۔
قراراد میں کہا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا یہ اجلاس مہتمم جامعہ فاروقیہ کراچی مولانا عادل خان فاروقی کے قتل کی دلی طور پر مذمت کرتے ہوئے دلی افسوس کا اظہار کرتا ہے،مولانا عادل کا قتل پاکستان دشمنوں کی جانب سے ملک میں امن خراب کرنے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ ان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس تمام مکاتب فکر کے علماکرام سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اتحاد بین المسلمین کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔اجلاس میں وزیر بلدیات راجہ نصیر احمد خان کے بھائی اور مولانا سعید یوسف کے بھائی کی وفات پر راجہ نصیر احمد خان اور مولانا سعید یوسف سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔

واپس کریں