دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کوٹلی ، بجلی بلات میں گراں اضافے کے خلاف عوامی احتجاج کے معاملے میں ڈپٹی کمشنر اور ایس پی کی ڈسٹرکٹ بار اور انجمن تاجران کے عہدیداران سے ملاقات
No image کوٹلی( کشیر رپورٹ) آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بجلی بلات میں گراں اضافے کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہروں کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر چودھری حق نواز اور ایس پی ریاض مغل نے ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن اور انجمن تاجران کے عہدیداران سے الگ الگ ملاقات کی۔ وکلاء نے آئین و قانون کے احترام کی بات کی جبکہ انجمن تاجران کے عہدیداران نے 5ستمبر کو پہیہ جام ہڑتال اور شٹر ڈائون سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔
سرکاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز اور ایس پی ریاض مغل نے منگل کو ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کا دورہ کیا اور بار قیادت سے ملاقات کی اور شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں قائدانہ کردار ادا کی اپیل کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر بار غلام مصطفے اور سیکرٹری جنرل آفتاب شریف کالس ایڈوکیٹ،عقاب ہاشمی ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلا ہمیشہ آئین و قانون کا احترام کرتے ہیں اور بجلی بلات میں ٹیکسسز کے حوالے عوامی احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے قانون کا احترام کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پرامن احتجاج عوام کا حق ہے تاہم شہر میں امن وآمان کو برقرار رکھنا انتظامیہ اور پولیس کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ معاشرے کی بہتر رہنمائی کی ہے اور اس وقت بھی حالات کی نزاکت کے پیش نظر وکلا کو درست سمت رہنمائی کرنا ہوگی۔ ایس پی ریاض مغل نے کہا کہ کسی بھی احتجاج کو پرتشدد بننے سے روکنا اداروں کا کام ہے وکلا کے تعاون سے ہم ضلع کوٹلی کو پرامن شہر ہی رکھیں گے اس موقع پر مقبول گورسی ایڈووکیٹ،حق نواز بٹ ایڈووکیٹ،تعظیم عزیز ایڈووکیٹ،پی ڈی ایس پی محمد بشیر راجہ،ایس ایچ او چوہدری محمد شہزاد بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر چوہدری حق نواز کی زیرصدارت اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندوں نے انتظامیہ اور پولیس کو یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی شر پسند کو شہر کا ماحول خراب نہیں کرنے دیں گے اور اس سلسلہ میں انتظامیہ کیساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا۔ صدر انجمن تاجران محمد یعقوب ملک نے کہا کہ پانچ ستمبر کی پہیہ جام ہڑتال اور شٹر ڈاؤن سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہو گا،شہر کا امن تاجر برادری کے اپنے مفاد میں ہے۔ تاجر برادری نے ہمیشہ قانون کا احترام کیا ہے اور اپنے مطالبات پرامن طریقے سے ارباب اختیار تک پہنچائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 ستمبر کواپنے طور پر کوئی پہیہ جام ہڑتال یا شٹر ڈاؤن کرتا ہے تو کرے۔ ہم نے یہ کال نہیں دی اس لئے ہم اس کاحصہ نہیں بنیں گے۔ اجلاس میں انتظامیہ اور پولیس نے شہر کا امن برقرار رکھنے کے لئے تاجر براوری سے تجاویز لیں جن کے تحت تاجر برادری نے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال سے اظہار لا تعلقی کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ چند عناصر سسٹم کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جن کو سمجھانا ہے اور ہم مل کر شہر کا امن بچائیں گے یہ سب کے فائدے میں ہے ،تاجر شہر کے بڑے سٹیک ہولڈرہیں یہ امن عامہ کی ذمہ داری لیں۔ایس پی نے کہا کہ تاجروں کوکسی کا الہ کار نہیں بننا چاہئے۔ امن کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوٹلی بہت پرامن ضلع ہے یہاں کی عوام امن پسند ہے ہم سب نے اپنے ضلع کا ماحول خوشگوار اور پرامن رکھنا ہے۔اجلاس میںا یس ایس پی ریاض مغل،اے ڈی سی سید نسیم عباس شاہ ،مئیر بلدیہ چوہدری تاج،اسسٹنٹ کمشنر نعیم اختر چوہدری،انفارمیشن آفیسر شوکت علی ملک ،ایس ایچ او چوہدری شہزاد،،صدر انجمن تاجراں ملک یعقوب،ڈپٹی مئیر راجہ ریاست ،جنرل سیکرٹری مسلم کانفرنس محمد اعجاز مغل،صدر انجمن تحفظ حقوق عامہ سید تبارک ایڈووکیٹ ،مئیر بلدیہ محمد تاج چوہدری ،سماجی رہنما مبارک بسمل،صدر مسلم لیگ ن سٹی راجہ گلفراز خان،صدر گولڈ یونین ظفر ملک،صدرسلطانیہ بازار ملک آصف،سابق جنرل سیکرٹری پریس کلب رضوان قریشی،مرکزی نائب صدر راجہ رحیم،سیکرٹری جنرل انجمن تاجراں انوار بیگ،صدرشہید چوک محمد ظفیربٹ،صدر ہوٹل ایسو سی ایشن سردار معروف،جنرل سیکرٹری سلطانیہ بازار اسرار بٹ سمیت دیگر شریک ہوئے۔

واپس کریں