دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر، ضلع پونچھ کے درہ شیر خان علاقے میں سنیئر معلمہ کو مقامی افراد کی طرف سے روکنے اور دھمکانے پر متعلقہ افراد سمیت محکمہ تعلیم و مقامی پولیس اہلکاران کے خلاف کاروائی
No image مظفرآباد( کشیر رپورٹ۔ پی آئی ڈی)آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے درہ شیر خان میں تعینات ہونے والی سینئر معلمہ کو حاضری رپورٹ دینے سے روکنے اور انہیں دھمکانے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف کاروائی شروع کی گئی ہے جس میں محکمہ تعلیم کے ملازمین سمیت مقامی پولیس اہلکاران بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پہ ایک وڈیو وائرل ہوئی جس کے مطابق درہ شیر خان کے سکول میں متعین ہونے والی خاتون سینئر معلمہ کوچند مقامی افراد کی طرف سے راستے میں روک لیا گیا تا کہ وہ سکول میں حاضری رپورٹ نہ دے سکیں اور انہیں دھمکایا گیا۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ متعلقہ سکول میں عرصہ بیس سال سے متعین ایڈہاک سینئر معلمہ کو ہٹایا نہ جا سکے جس کی جگہ پی ایس سی کا امتحان پاس کر کے نئی سینئر معلمہ کی تقرری عمل میں لائی گئی ۔سینئر معلمہ کا راستہ روکنے والوں نے انہیں دھمکاتے ہوئے کہا کہ یہاں سے کوئی آگے گیا تو نہ ان کی گاڑی بچے گی نہ کوئی بندہ بچے گا۔ وائرل ہونے والی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ متعین سنیئر معلمہ کو روکنے والے افراد نے کہا انہوں نے سکول کو تالے لگا دیئے ہیں۔
https://twitter.com/HRCPAJK/status/1695679456264802615
' پی آئی ڈی ' کی طرف سے جاری پریس نوٹ کے مطابق حکومت نے درہ شیر خان میں سینئر معلمہ ثوبیہ منظور کی حاضری رپورٹ میں رکاوٹ ڈالنے اور شرپسند عناصر کی جانب سے خاتون معلمہ کو ڈرانے دھمکانے کے افسوسناک واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے ۔ حکومت کے ترجمان نے درہ شیر خان گرلز ہائی سکول میں نوتعینات معلمہ ثوبیہ منظور کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث تمام شرپسند عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اب قانون اپنا راستہ خود بنائے گا ۔ترجمان نے کہا کہ واقعہ پر کسی قسم کی کارروائی نہ کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کرنیوالوں کے خلاف ایکشن میں تاخیر پر ایس ایس پی پونچھ سے بھی وضاحت طلب کی گئی ہے جبکہ ڈی ایس پی ہجیرہ/ عباسپور کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر بابر رفیق انسپکٹر ایس ایچ او ہجیرہ کو حاضر لائن راولاکوٹ کر دیا گیا ہے جس کی انکوائری ڈی ایس پی صدر مقام راولاکوٹ کریں گے ،اسی طرح انتظامی غفلت برتنے پر آفیسر چوکی سہڑہ کے اے ایس آئی محمد اتفاق فیضی اور چوکی پر تعینات ملازمین علی حسین تفتیشی ہیڈ کانسٹیبل اور مراد علی کنسٹیبل کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف انضباطی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ترجمان نے کہا کہ نوتعینات سینئر معلمہ کی حاضری رپورٹ میں رکاوٹ ڈالنے پر صدر معلمہ گرلز ہائی سکول درہ شیر خان اور جونئیر کلرک نزاکت حسین کے خلاف بھی انضباطی کارروائی شروع کر دی گئی ہے .ترجمان نے کہا کہ ڈویژنل ڈائریکٹر نسواں پونچھ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نسواں پونچھ سے بھی واقعہ سے متعلق باز پرس کی گئی ہے جنہوں نے یقین دلایا ہے کہ سینئر معلمہ ثوبیہ منظور کو آج 28 اگست کو حاضر کروا دیا جائے گا ۔ترجمان نے واضح کیا کہ کسی کو بھی اپنی عدالت انصاف لگانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی افسوسناک واقعہ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

واپس کریں