دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیریوں کے لئے بہترین مطالبہ رائے شماری ہے،اسی مطالبے سے پیش رفت ممکن ہے۔ راجہ فاروق حیدرکا کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں خطاب
No image مظفرآباد( کشیر رپورٹ) راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ نا مساعد حالات میں بہتر انداز میں کام کر رہا ہے۔حکومت آزاد کشمیر اس ادارہ کو اس کے قیام کے اغراض و مقاصد کے مطابق کام کے لئے وسائل مہیا کرے۔نوجوانوں کو تحقیق کی طرف راغب ہونا چاہیے ۔ تحقیق کے ذریعہ دنیا میں کشمیر کے مسئلہ کو حقیقی تناظر میں اجاگر کیا جا سکتا ہے ۔ ہندوستانی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدل رہی ہے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔مسئلہ کشمیر اور اس کا حل کے موضوع پر اپنے لیکچر میں راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر فوجی قبضہ کر رکھا ہے۔تاریخ کو دھرانے کا فائدہ نہیں اس وقت سوچنا یہ ہے کہ آگے کیسے بڑھنا ہے اور کیا کرناہے۔مسئلہ کشمیر کا وہی حل پائیدار ہو سکتا ہے جس میں کشمیریوں کی اکثریت کی رائے شامل ہو گی۔ کشمیریوں کے لئے بہترین مطالبہ رائے شماری ہے یہ وہ نقطہ ہے جو انھیں منزل مقصود کی طرف لے کر جا سکتا ہے رائے شماری کے علاوہ جتنے بھی نعرے ہیں وہ کشمیریوں کی تقسیم کا موجب بن رہے ہیں۔قبل ازوقت کے نعرے کشمیریوں کو الجھا رہے ہیں یہ سازش بھی ہو سکتی ہے کہ کشمیری متحد نہ رہیں اور مسئلے کے حل کی طرف نہ آسکیں۔ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کا ضامن ہے اور کشمیریوں کا وکیل ہے بعض ایسے نعرے بھی لگوائے جاتے ہیں تاکہ پاکستان اور پاکستانی عوام کشمیریوں سے بدظن ہو جائیں۔ پاکستانی قوم ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان متحد نہیں رہ سکے گا۔ ہندوتوا نظریے پر کاربند مودی جو گند ڈال گیا ہے یہ ہندوستان کی تقسیم کا موجب بنے گا۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو بھارت نہیں جانا چاہئے۔ ہندوستان سے کرکٹ میچ نہ کھیلنے کوئی قیامت نہیں آ جائے گی اور نہ پاکستان کی کرکٹ ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کو او آئی سی میں آبزرور کا درجہ دلائے۔آزاد کشمیر حکوت کے کردار اور حیثیت کا تعین بھی ہونا چاہئے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے قیام کے لئے قیادت نے بڑی جدوجہد کی ہے۔ آج جو نظام قائم ہے اس کے پیچھے بڑی محنت اور ریاضت ہے۔ آزاد کشمیر اسمبلی ریاست کی تمام اکائیوں کی نمائندہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات سے بحیثیت مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے کیا۔سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل رائے شماری ہے ، کشمیری قوم کی تقسیم سے ہندوستان کو فائدہ ہوگا، مودی کے اقدامات ہندوستان کو تقسیم کریں گے ۔ ہندوستان کی حکومت نے مسلمانوں ،سکھوں ،عیسائیوں کے لیے ہندوستان کی سرزمین تنگ کر دی ہے، پاکستان کے 23کروڑ عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا۔ پاکستان اور آزادکشمیر کو تنقید کا نشانہ بنانے والے کشمیریوں کے خیر خواہ نہیں، مودی ڈاکٹرائن نے بھارت کے وجود کو خطرے میں ڈال دیا ہے، مودی کے ہندوتوا ایجنڈے اور مظالم نے بھارت میں ایسی تقسیم پیدا کر دی ہے جس سے ہندوستان کا وجود برقرار نہیں رہ سکے گا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے قیام میں راجہ محمد فاروق حیدر خان کا بنیادی کردار ہے ۔انسانی اور مالی وسائل نہیں مل سکے لیکن یہ ادارہ اپنے قیام کے اغراض و مقاصد کے لئے بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے۔
واپس کریں