دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عمران خان کے دورہ امریکہ کے بعد بھارت نے کشمیر ہڑپ کر لیا،اپوزیشن اتحاد حکومت کا محاسبہ کرے گا۔حمزہ شہباز
No image لاہور۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دھاندلی کی بنیاد پر حکومت نے جنم لیا اور آج عوام کے ساتھ گھنائونا کھیلا جا رہا ہے، 72 سال میں کسی کی ہمت نہیں ہوئی کہ مقبوضہ کشمیر کوئی ہڑپ کر جائے،عمران خان کی جانب سے امریکا کا دورہ کرنے کے محض چند دنوں بعد ہی بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیر ہڑپ کرلیا ۔حمزہ شہباز نے صحافیو ں سے گفتگو میں کہا کہ کیا حکومت نے کشمیر کے حوالے سے ٹھوس کام کیا؟ حکومت کے پاس اخلاقی جرات نہیں کہ وہ کشمیری خواتین کے ساتھ ہونے والے مظالم پر آواز اٹھا سکے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے حکومت کا محاسبہ ہوگا اور تحریک منطقی انجام تک پہنچے گی۔حمزہ شہباز نے کہا کہ چینی اور آٹا بحران کے مافیا وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں بیٹھے ہیں، باہر سے معاشی ٹیم ملک میں آکر بیٹھ گئی ہے جسے غریب آدمی کے مسائل کا ادراک نہیں ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ معاشی ماہرین کے مطابق اگلے 2 برس تک معاشی اشاریے مثبت سمت میں نہیں جا سکیں گے ،کیا حکومت کی طرف سے 'ٹک ٹاک' پر پابندی سے معیشت ٹھیک ہوجائے گی۔ مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف کی تعمیر کردہ فرانزک لیب میں لاہور-سیالکوٹ موٹر وے کیس کے ملزم کی نشاندہی ہوگئی لیکن نااہل انتظامیہ تاحال ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے شہباز شریف کو متعدد مرتبہ انتقامی طورپرگرفتار کیا اور یہ انتقام اور نفرت کی آگ صرف اپوزیشن تک محدود نہیں ہے بلکہ سرکاری ملازمین سے لے کر عوام تک سب اس کی زد میں ہیں۔حمزہ شہباز نے کہا کہ 'ایک کھرب کا بی آر ٹی کا منصوبہ تاحال فعال نہیں ہوسکا لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، مجھے ڈیڑھ سال سے گرفتار کیا ہوا ہے، عمران خان ایک پیسے کی کرپشن ثابت کردیں میں قوم سے معافی مانگ کر گھر چلا جائوں گا، یہ میرا چیلنج ہے ۔
واپس کریں