دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر میں5سال میں سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی طرف سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو تقریبا 4ارب کے بلاسود قرضے دیئے گئے
No image مظفرآباد (پی آئی ڈی)8جون2023۔مینجنگ ڈائریکٹر آزادکشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن عامر محمودکی زیر صدارت سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے جاریہ بلا سود قرضہ پروگرام کی پراگرس کے حوالہ سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر انتظامیہ وحید احمد خان، ڈائریکٹر پراجیکٹس سردار عبدالخالق عباسی، ڈپٹی ڈائریکٹر بشارت حسین حیدری، انچارج اخوت پروگرام مظہر حسین مغل نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلا سود قرضوں کے حوالہ سے مینجنگ ڈائریکٹر کو بریفنگ دی گئی۔
حکومت کی ترجیحات کے مطابق خود کفالت سکیم کے تحت بے روزگار اور کم آمدنی والے افراد کو ان کی دہلیز پر روزگار کی فراہمی کے لیے آزادکشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے اشتراک سے مئی 2018سے سکیم کا آغاز کیا۔ جس کے تحت فروری 2023تک ایک لاکھ سے زائد افرا د کو مبلغ 3ارب94کروڑ 47لاکھ 61ہزار روپے کے بلا سود قرضہ جات فراہم کیے گئے۔ اس پروگرام کے تحت ضلع نیلم میں 4156افراد کو 14کروڑ 82لاکھ 10ہزار روپے، ضلع مظفرآباد میں 17656افراد کو 64کروڑ 63لاکھ 35ہزار روپے،ضلع جہلم ویلی میں 3534افراد کو 13کروڑ 69لاکھ 10ہزار روپے، ضلع باغ میں 8369افراد کو 33کروڑ 42لاکھ 51ہزار روپے، ضلع حویلی میں 5416افراد کو 19کروڑ 93لاکھ 66ہزار روپے، ضلع پونچھ میں 15272افراد کو مبلغ 59کروڑ 72لاکھ 39ہزار روپے، ضلع سدھنوتی میں 11733افراد کو مبلغ 46کروڑ 32لاکھ 40ہزار روپے، ضلع کوٹلی میں 17350افراد کو 71 کروڑ 92لاکھ 80ہزار روپے، ضلع میرپور میں 7581افراد کو 31کروڑ 01لاکھ 55ہزار روپے اور ضلع بھمبر میں 8560افراد کو 33کروڑ 39لاکھ 80ہزار روپے کے بلا سود قرضہ جات فراہم کیے گئے۔ اس سلسلہ میں تحصیل سطح پر 38فیلڈیونٹس قائم کیے گئے ہیں۔
سمال انڈسٹریز کی اس کاوش سے آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں کم آمدنی والے مرد /خواتین کی معاشی حالت اور معیار زندگی میں نہ صرف بہتری آ رہی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ اور پرائیویٹ سیکٹر میں روزگار کے مواقع بھی دستیاب ہو رہے ہیں۔ یہ خدمت خلق کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس منصوبہ کو روبہ عمل لانے کے سلسلہ میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کا اہم کردار رہا ہے۔ جس سے بے روزگاری کی شرح میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ نیز وزیراعظم کے ویژن و غربت میں کمی اور ترجیحات کے مطابق بلا سود قرضہ پروگرام سے مزید کم آمدنی والے افراد کو بلا سود قرضہ جات فراہم کیے جائیں گے۔ جس سے بے روزگاری اور غربت میں خاطر خواہ کمی واقع ہو گی۔ مینجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریزنے دوران میٹنگ یہ فیصلہ کیا کہ آئندہ ہر ماہ باقاعدہ طور پر جائزہ اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ اس پروگرام میں مزید بہتری لائی جا سکے۔اس حوالہ سے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی زیر صدارت گزشتہ عرصہ میں ہونے اجلاس میں آزادکشمیر سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے بلا سود قرضہ پروگرام کی پراگرس کو سراہا گیا اور اس کا حجم اور دائرہ کار بڑھانے کی ہدایت کی۔ حکومت آزادکشمیر کا یہ انتہائی شفاف اور غیر سیاسی پروگرام بڑے احسن طریقہ سے اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے تعاون سے سرانجام پا رہا ہے اور قرضہ کی ریکوری بھی 100فیصد ہے جو کہ اس کی واضح کامیابی کا مظہر ہے۔


واپس کریں