دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کا یوم شہادت، کشمیرہائوس اسلام آباد میں تقریب
No image اسلام آباد21مئی( کشیر رپورٹ) تحریک آزادی کے شہید رہنمائوںمیرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کے یوم شہادت کے موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیراہتمام کشمیرہائوس اسلام آباد میں اتوارو کو ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
میرواعظ مولوی محمد فاروق کو 1990میں آج ہی کے دن نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر شہیدکردیا تھا، اسی روز بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے کے جلوس پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔بارہ سال بعد آج کے دن 2002میں خواجہ عبدالغنی لون کو نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت شہید کر دیا جب وہ سرینگر کے مزار شہدا میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جا رہے تھے۔
سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم، فیض نقشبندی، الطاف حسین وانی، محمد رفیق ڈار، محمد حسین خطیب،عبدالرشید ترابی،آزاجموں وکشمیر کے سابق صدرسردارمحمد یعقوب خان ،کشمیر لبریشن کمیشن کے ڈائریکٹر افسر خان، نجیب الغفور اور دیگر نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کشمیریوں کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنے مادروطن پر غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر بھارت کشمیری حریت رہنمائوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام جموں و کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے تک اپنے شہدا کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام جدوجہد آزادی، ترقی اور محفوظ مستقبل کے لیے میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں حریت رہنمائوں نے بھارت کی تمام سازشوں، جبر اور استبداد کے باوجود کشمیر کی آزادی کے لیے انتھک جدوجہد کی۔ مقررین نے کہا کہ میر واعظ مولوی محمد فاروق نے اسلام کی تبلیغ کے لیے بہت محنت کی اور ان کی تعلیمات کشمیری عوام کی مذہبی، فکری اور نظریاتی تربیت کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ عبدالغنی ایک چمکتا ہوا ستارہ تھے جو بھارت کے خلاف آزادی کی ایک موثر آواز اور سیاسی و سماجی میدان میں کشمیری عوام کے حقیقی رہنما بن کر ابھرے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی ایجنٹوں نے میر واعظ مولوی محمد فاروق کو شہید کیا جبکہ 21مئی 1990کو سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے میں شریک ہزاروں افراد پر بھارتی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں70سے زائد افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ اسی تاریخ کو 2002میں خواجہ عبدالغنی لون کو بھی بھارتی ایجنسیوں کے ایجنٹوں نے شہید کردیا۔ مقررین نے کہا کہ بھارتی فورسز کی دہشت گردی کے وہ دلخراش مناظر آج بھی کشمیریوں کے دلوں میں نقش ہیں۔
شرکا نے کہا کہ شہید میر واعظ ایک عظیم مبلغ اور عالم دین تھے اور کشمیری عوام کی تعلیمی اور سماجی بہتری کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالغنی لون ایک دانشمند اور نڈر رہنما تھے جنہوں نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی تشکیل میں خواجہ عبدالغنی لون کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جو قومیں اپنے نصب العین پر ثابت قدم رہیں انہوں نے ظالموں کو شکست دے کراپنا نصب العین حاصل کرلیا۔ سیمینار کے شرکا نے جدوجہدآزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا اور کشمیری عوام خصوصا نوجوانوں کی استقامت اور ثابت قدمی کو سراہا جو بھارتی ناجائز قبضے سے آزادی کے عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔

واپس کریں