دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کے اعزاز میں ریٹائرمنٹ سے قبل راولاکوٹ میں الوداعی تقریب
No image راولاکوٹ (پی آئی ڈی)16 مئی2023۔ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کی محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کے لیے دی جانے والی شاندار خدمات اور جون میں ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل محکمہ اطلاعات پونچھ اور راولاکوٹ کے صحافیوں کی طرف سے ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا. تقریب میں محکمہ اطلاعات کے آفیسران اور راولاکوٹ کے صحافیوں نے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کو محکمہ اطلاعات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ریاست بھر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے اقدامات پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا. مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی تقریب میں ڈائریکٹر اطلاعات مظفرآباد محمد بشیر مرزا، ڈپٹی کمشنر پونچھ صابر مغل، سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ سید وحید علی گیلانی، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات پونچھ ڈویژن سعد الللہ خان، صدر غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ سردار راشد نذیر، ضلعی آفیسر اطلاعات باغ سردار پرویز مغل، ضلعی آفیسر اطلاعات سدھنوتی ناصر لطیف، پروگرامر محکمہ اطلاعات سردار شمیم انجم، غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے نمائندوں سمیت دیگر صحافیوں اور محکمہ اطلاعات کے سٹاف نے شرکت کی۔
ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال نے اپنے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات پونچھ ڈویژن سعد اللہ خان اور صحافیوں کا شکریہ ادا کیا. انہوں نے کہا کہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میری الودعی تقاریب کا آغاز شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین راولاکوٹ سے کیا گیا یہ سلسلہ اس کے بعد مظفر آباد اور میرپور ڈویژن اور دوسرے اضلاع میں ہو گا. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا راجہ اظہر اقبال نے کہا کہ محکمہ اطلاعات میں اپنی 37 سالہ سروس کے دوران ہمیشہ محنت اور کام پر یقین رکھا. محکمہ کی سربراہی بھی میرے لیے ایک اعزاز کی بات رہی جس میں صحافیوں کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرنے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہا جس میں کسی حد تک صحافیوں کے تعاون سے کامیاب بھی رہا. انہوں نے کہا کہ آج ضمیر مطمئن ہے کہا کہ اپنے حصہ کا کام کر کے جا رہا ہوں. انہوں نے کہا کہ پریس فاؤنڈیشن کو فعال کروایا تاکہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود بہتر طریقے سے ہو سکے. پورے آزاد کشمیر سے صحافی برادری نے جس پیار محبت اور احترام کا سلوک رکھا وہ میرا اثاثہ ہے جو مرتے دم تک میرے ساتھ رہے گا. ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے مزید کہا کہ محکمہ اطلاعات کو فعال کرنے اور جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جدید آلات سے مزین کیا. اس وقت محکمہ اطلاعات کے پاس تمام ضروری سامان موجود ہے جس سے وہ اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریاں بہتر طریقے سے پوری کر سکتا ہے۔
تقریب سے خطاب میں ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات پونچھ ڈویژن سعد الللہ خان نے ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال کو اپنی شاندار سروس پوری کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور ڈائریکٹر جنرل کو ایک تحفہ بھی پیش کیا.اس سے قبل جب ڈائریکٹر جنرل اطلاعات مقامی ہوٹل پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ہار ڈالے گئے. ازاں بعد ڈائریکٹر جنرل اطلاعات نے محکمہ اطلاعات پونچھ کے دفتر کا دورہ کیا سٹاف سے الوداعی ملاقات کی اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

واپس کریں