دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
برطانیہ پرمسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر بند کرانے کی ذمہ داری عائید ہوتی ہے۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی برطانوی اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو
No image اسلام آباد( پی آئی ڈی) 08مئی 2023۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیری نژاد برطانوی ممبران پارلیمنٹ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی پربرطانوی پارلیمنٹ میں برطانوی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے سوالات کریں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت رکوانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالنے کے لئے برطانوی پارلیمنٹ اور حکومت پر زور دیں۔ کیونکہ برطانیہ کی یہ زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرانے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و جبر بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ چونکہ مسئلہ کشمیر اس وقت پیدا ہوا جب برطانیہ برصغیر سے اپنے دو سو سالہ اقتدار کے خاتمے پر اس خطے سے گیا اور اس وقت سے لے کر اب تک مسئلہ کشمیر حل طلب ہے جبکہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادیں اب بھی اس کے چارٹر پر موجود ہیں تاہم 76سال گزرنے کے باوجود بھی کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے اقوام عالم کی جانب نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی بالخصوس برطانیہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاس اسلام آباد میں بریڈ فورڈ سے برطانوی ممبر پارلیمنٹ عمران حسین اور برمنگھم سے ممبر پارلیمنٹ طاہر علی سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔
اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دونوں اراکین برطانوی پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ اور حکومت سے مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے کہیں کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں صورتحال اس وقت انتہائی مخدوش ہے اور کشمیری عوام ایک مشکل صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں لہذا ایسے میں عالمی برادری بالخصوص برطانیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم رکوانے کے لئے بھارت پر اپنا دبا ڈالے۔بریڈ فورڈ سے برطانوی ممبر پارلیمنٹ عمران حسین اور برمنگھم سے ممبر پارلیمنٹ طاہر علی نے 22مئی کو سرینگر میں ہونے والی G-20کانفرنس کے انعقاد کی مذمت کی اور صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ بھی 22مئی کو برطانیہ میں اس موقع پر احتجاج کریں گے۔ اس موقع پر بریڈ فورڈ سے برطانوی ممبر پارلیمنٹ عمران حسین اور برمنگھم سے ممبر پارلیمنٹ طاہر علی نے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو برطانیہ اور برطانوی پارلیمنٹ کے دورے کی دعوت دی جو صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی برطانیہ کا دورہ کریں اور اپنے دورے کے دوران برطانوی پارلیمنٹ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کر کے انہیں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر آگاہی دیں گے۔
واپس کریں